Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ذی الحج کا چاند نظر آگیا،پاکستان میں عیدالاضحیٰ 29 جون کو ہوگی

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا
اپ ڈیٹ 20 جون 2023 05:51am

پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا جبکہ ملک بھر میں عیدالضحیٰ 29 جون بروز جمعرات کو ہوگی۔

ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا، جس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔

اجلاس میں وزارت مذہبی امور، سپارکو اور محکمہ موسمیات کے نمائندے شریک ہوئے، اس کے علاوہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر سے چاند نظر آنے یا نہ آنے کی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا تاہم ملک کے مختلف حصوں سے شہادتیں موصول ہونے پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیشتر مقام پر مطلع صاف اور ابر آلود رہا، اسلام آباد، لاہور، خانپور، بہاولنگر اور کراچی میں ذی الحج کا چاند دیکھا گیا، اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذی الحج 1444 ہجری 20 جون (کل) بروز منگل کو ہوگی جبکہ عید الاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات کو ہوگی۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 34 گھنٹے 13 منٹ ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا، مناسک حج کا رکن اعظم 9 ذی الحج یعنی 27 جون کو ہوگا۔

ذی الحج کا چاند نظرآںے کے بعد سعودی عرب میں عیدالاضحی 28 جون بروز بدھ کو ہوگی۔

Ruet e Hilal Committee

Moon sighting

Eid ul Adha 2023