Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

اسد عمر کس پارٹی سے الیکشن لڑنے جارہے ہیں

شفاف الیکشن کی راہ ہموار نہ کی تو ماضی کے انتخابات میں جو مسائل درپیش آئے وہی مستقبل میں بھی ہوں گے، اسد عمر
شائع 19 جون 2023 11:14am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کس پارٹی سے الیکشن لڑنے جارہے ہیں، انھیں اپنی پارٹی کے ٹکٹ کا انتظار ہے یا وہ کسی دیگر جماعت کے ٹکٹ کے منتظر ہیں، صحافیوں سے گفتگو میں انھوں نے مبہم جواب دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر پُرتشدد احتجاج کے بعد کئی اہم رہنماؤں نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا۔ اس وقت پارٹی میں بچ جانے والے رہنماؤں میں اسد عمر اور دیگر رہنما شامل ہیں۔ عدالتی پیشی کے موقع پر اسد عمر سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے یا کسی اور پارٹی سے۔ جس پر انھوں نے جواب دیا کہ ”ٹکٹ ملے گا تو ضرور لڑیں گے“۔ اسد عمر کے جواب میں ابہام باقی رہ گیا، ان کے ٹکٹ ملنے سے مراد پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہے یا کسی اور جماعت کا ٹکٹ مراد لیا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے اندر لکھا ہے کہ الیکشن ہونے چاہئیں، تحریک انصاف کی الیکشن کی تیاری مکمل ہے جب بھی عام انتخابات کا اعلان ہو تو ہماری پارٹی تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میئر کا الیکشن ہو یا آزاد کشمیر کا الیکشن سب پر تحفظات موجود ہیں تمام ہی پارٹیوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے شفاف الیکشن کی راہ ہموار نہ کی تو ماضی کے انتخابات میں جو مسائل درپیش آئے وہی مستقبل میں بھی ہوں گے۔ الیکشن ہونے کے بعد لوگ کہیں گے کہ دھاندلی ہوگئی۔

تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ میں اسد عمر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش ہوئے، عدالت نے حکم دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز پر جوڈیشل کمپلکس میں سماعت ہو گی آپ بھی وہاں پیش ہوں، عدالت نے اسد عمر سمیت دیگر ملزمان کو بھی جوڈیشل کمپلکس پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

9 May

PTI Leaders Left Party

Politics June 19 2023