پنجاب پولیس کے 18 اہلکاروں کو بیماری کی مد میں 1 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری
پنجاب پولیس کے 18 اہلکاروں کو مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے 1 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کردی گئی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے صوبے کے 18 پولیس اہلکاروں کو مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے رقم جاری کردی گئی ہے۔ اور آئی جی پنجاب نے فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کے 18 اہلکاروں کو 1 کروڑ 11 لاکھ 86 ہزار سے زائد کی رقم جاری کی گئی ہے، جس میں سے ٹریفک وارڈن محسن جاوید کو بیٹے کے کلئیر امپلانٹ کیلئے 18 لاکھ 30 ہزار روپے دئیے گئے، اور کانسٹیبل عامر شہزاد کو جگر کے کینسر کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے ہیں۔
کانسٹیبل ڈرائیور مختار احمد کو بیٹے کے گردوں کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے، ٹریفک وارڈن منیر افضل کو اہلیہ کے بریسٹ کینسر کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے، جب کہ قصور کے ریٹائرڈ کانسٹیبل عظمت عباس کو کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے ہیں۔
مجموعی رقم میں سے بہاولپور کے انسپکٹر محمد افضل مرحوم کی اہلیہ کو کینسر کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے، اسپیشل برانچ کے اے ایس آئی محبوب اسلم کو بیٹی کے علاج کیلئے 7 لاکھ روپے اور کانسٹیبل غلام عباس کلاسی کی اہلیہ کو گردوں کے علاج کے اخراجات کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے ہیں، جب کہ باقی رقم مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی درخواستوں پر افسران و اہلکاروں کو دی گئی ہے۔
Comments are closed on this story.