Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسد رحمان گیلانی نے چیئرمین نادرا کےعہدے کاچارج سنبھال لیا

نئے چیئرمین کی ملازمین کو معمول کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 16 جون 2023 06:06pm

طارق ملک کے بعد اسد رحمان گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

اسد رحمان گیلانی نے چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹرریشن اتھارٹی (نادرا) کا عہدہ سنبھال لیا ہے، انہوں نے آج نادرا ہیڈ کوارٹرز میں پہلے دن اپنے فرائض منصبی انجام دئیے۔

نئے چیئرمین نادرا اسدرحمان گیلانی نے ملازمین کو اپنے معمول کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو نادرا خدمات اور سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔

چیئرمین نادرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا۔

طارق ملک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

رواں ماہ 13 جون کو طارق ملک نے بطور نادرا چیئرمین وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے دوران اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جس کے فوری بعد ہی وزیراعظم نے طارق ملک کا استعفیٰ منظور کرلیا اور کابینہ ڈویژن کو ان کے استعفے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

طارق ملک کے 3 صفحات پر مشتمل استعفے میں چیئرمین نادرا نے موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال کو وجہ بنایا، اور استعفے میں اپنی کارکردگی اورپروجیکٹس کی تفصیلات بتائیں، انہوں نے حاضر سروس یا ریٹائرڈ بیوروکریٹ کو چیئرمین نادرا کی پوسٹ نہ دینے کی سفارش بھی کی۔

طارق ملک کے خلاف ایف آئی اے کی تحقیقات

سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کے خلاف نادرا ٹھیکے میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) تحقیقات بھی کررہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق ملک کے ملک سے باہر جانے پر بھی عارضی طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ جب کہ ان کے خلاف ایف آئی اے میں ہونے والی تحقیقات کے باعث ان کا نام نو فلائی لسٹ میں ایڈ کردیا گیا ہے۔

Chairman NADRA

Chairman NADRA Asad Rehman Geelani