Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کمشنر کراچی نے شہر کی مخدوش عمارتوں کی فہرست جاری کردی

صوبے میں طوفان کے باعث منتقلی کی تازہ صورتحال کے اعداد و شمار بھی جاری
شائع 13 جون 2023 10:20pm

کمشنر کراچی اقبال میمن نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو مخدوش عمارتوں سے متعلق فہرست فراہم کردی۔

کمشنر کراچی اقبال میمن نے شہر کی مخدوش عمارتوں کے حوالے سے فہرست وزیراعلیٰ سندھ کو دے دی دہے، جس کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرل اتھارٹی نے کراچی میں 578 عمارتیں مخدوش ڈکلیئر کی ہیں۔

کمشنر کراچی کے مطابق شہر کے ضلع جنوبی میں 456 عمارتیں مخدوش قرار دی گئی ہیں، ضلع وسطی میں 66 عمارتوں کو مخدوش قرار دے دیا گیا ہے، ضلع کیماڑی کی 23 عمارتوں کو مخدوش ڈکلیئر کردیا گیا ہے، ضلع کورنگی کی 14 عمارتوں کو مخدوش قرار دے دیا گیا ہے، ضلع شرقی میں 13 عمارتیں، ضلع ملیر کی 4 عمارتیں اور ضلع غربی کی 2 عمارتوں کو مخدوش قرار دے دیا گیا ہے۔

کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرز کو مخدوش عمارتیں خالی کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمارتیں پہلے سے ہی خالی ہیں تو ان کو بند/سیل کردیں، جب کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر شہر میں کمزور پول بھی ہٹائے جا رہے ہیں۔

منتقلی کی تازہ صورتحال کے اعداد و شمار

وزیراعلیٰ سندھ نے طوفان کے باعث منتقلی کی تازہ صورتحال کے اعداد و شمار شیئر کردیے ہیں، اور بتایا ہے کہ ٹھٹہ، سجاول اور بدین اضلاع سے ابھی تک مجموعی طور پر 56985 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، اور تینوں اضلاع میں مجموعی طور پر 37 ریلیف کیمپ قائم کردئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کیٹی بندر کی 13000 آبادی سے 8000 کو حکومت نے جبکہ 3000 رضاکارانہ طور منتقل کردیا گیا ہے، کیٹی بندر میں 7 ریلیف کیمپوں میں 5000 افراد کی گنجائش ہے اور 700 خاندان منتقل ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گھوڑا باڑی کی 4500 آبادی سے حکومت نے 2100 جب کہ 1000 رضاکارانہ طور پر خود منتقل ہوئے، گھوڑاباڑی میں 3 ریلیف کیمپوں میں 1000 کی گنجائش اور 100 خاندان منتقل ہوچکے ہیں۔

مراد علی شاہ کے مطابق شہید فاضل راہو کی 19038 آبادی سے حکومت نے 14310 جبکہ 5160 رضاکارانہ منتقل ہوگئے ہیں، یہاں 10ریلیف کیمپوں میں 5000 کی گنجائش اور 3009 خاندان منتقل ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ بدین کی 12300 آبادی سے حکومت نے 3010 جب کہ 5600 رضاکارانہ منتقل کردیے گئے ہیں، اس ضلع میں 3 ریلیف کیمپوں میں 2500 کی گنجائش اور 922 خاندان منتقل ہوچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق شاہ بندر کی 6537 آبادی سے حکومت نے 2578 جبکہ 2500 رضاکارانہ منتقل ہوئے، اور یہاں 10 ریلیف کیمپوں میں 9500 کی گنجائش موجود اور 500 خاندان منتقل ہوئے ہیں، جاتی کی 8070 آبادی سے حکومت نے 1727 جبکہ 3000 رضاکانہ منتقل ہوگئے، اور یہاں بھی 4 ریلیف کیمپوں میں 2500 کی گنجائش موجود اور 450 خاندان منتقل کردیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کھاروچھان کی 7935 آبادی سے حکومت نے 3000 جبکہ 2000 رضاکانہ طور منتقل ہوئے، تاہم کھاروچھان میں ابھی تک کوئی ریلیف کیمپ قائم نہیں کیا گیا۔

karachi

Cyclone

Biporjoy

BIPARJOY

Dilapidated buildings in Karachi