Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چینی کمپنی نے سیف سٹی کے غیر فعال کیمرے ٹھیک کرانے کی ذمہ داری اٹھالی

ہواوے 14 اگست تک دو ہزار سی سی ٹی وی کیمرے درست کرے گی
شائع 13 جون 2023 10:20am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

چینی ٹیکنالوجی کمپنی (ہواوے) نے سیف سٹی پراجیکٹ لاہور کے غیر فعال کیمروں کو ٹھیک کرانے کی ذمہ داری اٹھالی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا چینی کمپنی کے عہدیداران کے ساتھ اجلاس ہوا جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کامران خان، چینی و نجی کمپنیوں کے نمائندوں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چینی کمپنی ہواوے نے سیف سٹی پراجیکٹ لاہور کے غیر فعال کیمرے ٹھیک کرانے کی ذمہ داری اٹھائی۔

اس ضمن میں ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی کا سامان بذریعہ کارگو شپ 21 جون کو پہنچ رہا ہے جس کے بعد فوری کام کا آغاز ہو جائے گا، کمپنی 14 اگست تک دو ہزار سی سی ٹی وی کیمرے درست کرے گی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی کے مزید 500 کیمروں کو بھی دیگر ذرائع سے ٹھیک کیا جا رہا ہے، کیمروں کے فعال ہونے سے سکیورٹی مانیٹرنگ کا عمل مزید مؤثر ہو گا۔

ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ نجی کمپنی کے مطابق 14 اگست تک 6 ہزار 500 کیمرے مکمل فعال حالت میں ہوں گے، سیف سٹی کی ورکنگ میں سافٹ وئیر کے تمام مسائل کو حل کر لیا جب کہ چہرہ شناخت کا سسٹم بھی دوبارہ فعال ہو چکا ہے۔

IG Punjab

safe city lahore

Chinese company