کراچی: دو پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ درج
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتول اہلکار ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارنے گئے، جہاں ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر نے دعویٰ کیا کہ اہلکار خفیہ اطلاع ملنے پر سہراب گوٹھ انڈس پلازہ کے قریب گراؤنڈ پہنچے جہاں موٹر سائیکل سوار اسکواڈ کے دو جوانوں کو وہاں پہلے سے موجود دہشتگردوں نے شہید کردیا۔
فائرنگ سے پولیس اہلکار رحمت اللہ موقع پر شہید ہوگیا جبکہ پولیس اہلکارعبدالحکیم زخمی ہوا۔
لیکن زخمی اہلکار اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔
فائرنگ کے بعد ملزمان پولیس اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی لے کر فرار ہوگئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل اسکواڈ میں شامل اہلکاروں کے پاس بلٹ پروف جیکٹس موجود تھیں، فائرنگ کے مقام سے نائن ایم ایم اور تیس بور کے خول ملے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین سے واقعے سے متعلق معلومات اکھٹی کرکے مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال اب تک شہر میں گیارہ پولیس اہلکار جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔
واقعے کے بعد ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شہید ہیڈ کانسٹیبل حکیم تنولی کے گھر پہنچے اور شہید اہلکار کے پسماندگان سے ملاقات کی۔
ایس ایس پی زبیر نزیر کی اہلِ خانہ سے بات چیت میں کہا کہ اہلکاروں کو شہید کرنے والے قاتلوں کی تلاش کیلئے 4 ٹیمیں کام کررہی ہیں۔
انہوں نے اہلِ خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ شہیدوں کا ڈپارٹمنٹ پر قرض ہے، قاتلوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
Comments are closed on this story.