بھارتی سکھ یاتری جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے ننکانہ صاحب پہنچ گئے
بھارتی سکھ یاتری اپنے مذہبی تہوار جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے گور دوارہ جنم استھان پہنچ گئے۔
بھارتی سکھ یاتری خصوصی بسوں کے ذریعے گور دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے ننکانہ صاحب پہنچے۔ ڈپٹی کمشنر میاں رفیق احسن، ڈی پی او صاعد عزیز اور دیگر ضلعی افسران نے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ چیئرمین پنجابی سکھ سنگت سردار گوپال سنگھ چاولہ اور دیگر نے یا تریوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی۔
اپنے روحانی پیشوا بابا گورو نانک کی جائے پیدائش گور دوارہ جنم استھان پہنچنے پر سکھ یاتری بہت خوش دکھاٸی دیے۔ بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کی تعداد 159 ہے اور ان کی آمد پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ سکھ یاتری جتھہ لیڈر سردار گوربچن سنگھ کی قیادت میں حسن ابدال سے ننکانہ صاحب پہنچے۔
سکھ یاتری گور دوارہ جنم استھان میں تین روز قیام کے دوران اپنی مذہبی عبادات انجام دیں گے جو اکھنڈ پاٹھ سے شروع ہوں گی اور بھوگ صاحب کے بعد اختتام پذیر ہو جائیں گی۔
سکھ یاتری لوکل گور دواروں اور گور دوارہ سچا سودا فاروق آباد کے درشن کے لئے بھی جائیں گے جبکہ سکھ یاتری 13 جون کو مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے لاہور روانہ ہو جائیں گے۔
ضلعی پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کی سکیورٹی کے ساتھ رہائش، لنگر اور میڈیکل کے بہترین انتظامات کیے ہیں، جھتہ لیڈر نے بہترین انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed on this story.