Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کے خلاف سنگین غداری کا کیس بغیر کارروائی کے مؤخر

کیس کی کارروائی بینچ کی عدم دستیابی کے باعث مؤخرہوئی
شائع 07 جون 2023 03:29pm

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سنگین غداری کا کیس بینچ کی عدم دستیابی کے باعث مؤخر کردیا گیا۔

بلوچستان ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سنگین غداری کا کیس بغیر کارروائی کے مؤخر کردیا گیا ہے۔

عمران خان کے خلاف آئین کےآرٹیکل 6 سے روگردانی کا مقدمہ عبدالرزاق شرکی جانب سے دائر کیا گیا تھا، عبدالرزاق شر کو گزشتہ روز فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ کوئٹہ کے جمیل شہید پولیس تھانے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 109، 34 اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 6 اور 7 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کی درخواست پر کیس کی پیروی سینئر وکیل امان اللہ کنرانی کررہے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ کیس کی کارروائی بینچ کی عدم دستیابی کے باعث مؤخرہوئی ہے، درخواست پر سماعت کی آئندہ تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔

سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شرفائرنگ سے جاں بحق

گزشتہ روز سینئر وکیل عبدالررزاق شر کو کوئٹہ ائر پورٹ روڈ پرعالمو چوک کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار تھے۔ جب کہ سینئروکیل امان اللہ کنرانی کا کہنا ہے کہ عبدالرزاق کی خاندانی دشمنی بھی چل رہی تھی۔

قتل کی ابتدائی رپورٹ

پولیس سرجن کے مطابق ایڈووکیٹ عبدالرزاق کو 16 گولیاں لگیں، اور ان پرنائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس سرجن نے بتایا کہ وکیل کی موت سر میں 7 گولیاں لگنے سے ہوئی، جب کہ مقتول کے اہلِ خانہ نے پوسٹمارٹم کرانے سے انکار کردیا تھا۔

pti

imran khan