Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کے بڑے نام جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت میں شامل

استحکام پاکستان پارٹی لاہور میں عشایئے پر کیا گیا، مزید وکٹیں گرانے کی تیاری
اپ ڈیٹ 08 جون 2023 07:50am

پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر نئی جماعت قائم ہوگئی، جہانگیر ترین نے اپنی پارٹی ”استحکام پاکستان“ کا باضابطہ اعلان کردیا جبکہ 100 کے قریب سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

لاہور میں جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنما علیم خان کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر نئی جماعت میں شامل ہونے والے رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

عشایئے میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزیر فواد چودھری، علی زیدی، عامر کیانی، فردوس عاشق اعوان، سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، ڈاکٹر مراد راس، نعمان لنگڑیال اور نوریز شکور سمیت دیگر سابق قومی و صوبائی اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

علیم خان کے گھر عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے اپنی نئی جماعت ’’استحکام پاکستان پارٹی‘‘ کا باضابطہ اعلان کیا۔

تقریب میں تقریبا 100 کے قریب سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور جہانگیر ترین پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

شمولیت کرنے والوں میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی، سابق وفاقی وزیر عامر کیانی، فردوس عاشق اعوان، محمود مولوی، فیاض الحسن چوہان، مراد راس اور جے پرکاش شامل ہیں۔

علاوہ ازیں فاٹا سے جی جی جمال، اجمل وزیر، پنجاب سے نعمان لنگڑیال اور نوریز شکور نے بھی شمولیت کا اعلان کیا۔

عشائیے میں عون چوہدری سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے جنہوں نے جہانگیر ترین اور علیم خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اُدھر جہانگیر ترین کی جمعے کے روز پی ٹی آئی کے سابق اراکین اور رہنماؤں کے ساتھ اہم پریس کانفرنس متوقع ہے جس میں وہ ممکنہ طور پر نئی سیاسی جماعت اور اس کے منشور کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

جہانگیر ترین نے اپنی نئی سیاسی جماعت کا نام فائنل کرلیا

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے اپنی نئی سیاسی جماعت کا نام فائنل کرلیا۔

ترین گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری نے بتایا کہ جہانگیر ترین کی نئی جماعت کا نام فائنل کرلیا گیا ہے، ہماری جماعت کا نام ’استحکام پاکستان‘ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی میں شامل ہونے والوں کے اعزاز میں آج عشائیہ دیا جائے گا، جس میں پارٹی ممبران کو جماعت کے نام سے آگاہ کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی پریس کانفرنس جمعے کے روز متوقع ہے جہاں مزید سیاسی رہنما ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

سیاسی رابطے تیز: جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کی مزید وکٹیں گرا دیں

جہانگیر ترین گروپ کی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں، پی ٹی آئی کے سابق رہنما عبدالعلیم خان کی جانب سے ترین گروپ کے لیے آج عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں تمام ممبران کو دعوت دی گئی ہے۔

عشائیہ آج رات 8 بجے عبدالعلیم خان کی رہائش گاہ پر دیا جائے گا، عشائیے میں سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی کل اہم پریس کانفرنس متوقع ہے، امکان ہے وہ نئی جماعت کا اعلان کریں گے، جہانگیر ترین کو پارٹی کا پیٹرن ان چیف بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نااہلی ختم ہونے پر جہانگیر ترین پارٹی کے چیئرمین ہوں گے، جب کہ عبدالعلیم خان کو پارٹی کا صدر اور عون چوہدری کو پارٹی کا آرگنائزر بنائے جانے کا امکان ہے۔

جہانگیر ترین اپنے گروپ کے ہمراہ لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کریں گے، جہانگیر ترین کی جانب سے پارٹی کے لئے تین نام زیر غور ہیں، وہ آج اپنے گروپ سے حتمی مشاورت مکمل کر لیں گے۔

جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کی مزید وکٹیں گرا دیں

جہانگیر ترین گروپ میں اہم سیاسی شخصیات کی شمولیت تسلسل کے ساتھ جاری ہے، آج تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست میانوالی سے میجر (ر) خرم روکھڑی بھی جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہوگئے ہیں۔

جہانگیر ترین سے آج ملاقات کے بعد ان کے گروپ میں شامل ہونے والوں میں سید رفاقت علی گیلانی، چشتیاں سے ممتاز مہروی، ساہیوال سے مہر ارشاد کاٹھیا، ننکانہ صاحب سے میاں عثمان اشرف، سابق ایم پی اے دیوان عظمت سید محمد چشتی نے بھی جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس ملاقات میں عبدالعلیم خان،اسحاق خاکوانی، عون چوہدری، نعمان لنگڑیال، فردوس عاشق اعوان،اجمل چیمہ، امیر حیدر سنگا اورشعیب صدیقی بھی موجود تھے۔

سابق وزیرتعلیم مراد راس جہانگیر ترین ترین گروپ میں شامل

اس سے قبل پی ٹی آئی کے ڈیمو کریٹس گروپ کے رہنما مراد راس نے جہانگیرترین سے ملاقات کی، اور جہانگیر ترین کے گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر عبدالعلیم خان اورعون چوہدری بھی شریک تھے۔

پی ٹی آئی کی اہم شخصیات کا جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان

بہاولپور سے پاکستان تحریک انصاف کی تین اہم شخصیات نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

جہانگیر ترین سے سجاد بخاری، تحسین گردیزی اور جہانزیب وارن کی ملاقات ہوئی جس میں تینوں رہنماؤں نے گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر سابق ایم این اے مبین عالم انور بھی موجود تھے۔

Abdul Aleem Khan

Jahangir Tareen Group

dinner

Politics June 7 2023

Politics June 8 2023