Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم نے بجٹ میں آئی ٹی کیلئے بڑے پیکیج کی تیاری کی ہدایت کردی

قومی اقتصادی کونسل کی آئندہ مالی سال کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری
شائع 06 جون 2023 06:19pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے لیے بڑے پیکیج کی تیاری کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور آئی ٹی و ٹیلی کام کے حوالہ سے بجٹ تجاویز پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، سید امین الحق، مریم اورنگزیب، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت عائشہ غوث پاشا، معاونینِ خصوصی طارق باجوہ، جہانزیب خان، طارق پاشا، شزا فاطمہ خواجہ، سینیٹر افنان اللہ، گورنر اسٹیٹ بنک، چیئرمین ایف بی آر، متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے فکسڈ ٹیکس رجیم لانے کا بڑا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیراعظم نے فکسڈ ٹیکس رجیم کے لیے فوری سفارشات پیش کرنے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ٹی کے شعبے کے لیے بڑے پیکج کی بھی تیاری کی ہدایت کی۔

اجلاس میں آئی ٹی شعبے میں نیا کاروبار شروع کرنے والوں کو خصوصی مراعات دینے کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے ذریعے کاروبار اور تجارت کے فروغ پر خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نوجوانوں کو آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی میں ہنرمند بنانے کے پروگرام میں بڑی توسیع کے خصوصی پروگرام کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ٹریننگ آئی ٹی زونز بنانے کے بڑے فیصلے کی بھی منظوری دے دی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ حکومت بجٹ میں نوجوانوں کی آئی ٹی شعبے کی پیشہ ورانہ تربیت پر خطیر رقم خرچ کرے گی، اس وقت ملک میں 45 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی ہنر کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ایک لاکھ نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ فراہم کرے گی، ہمارے گزشتہ دورِ حکومت میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے جن سے کورونا وباء کے دوران نوجوان ملک میں زرمبادلہ لے کر آئے۔

وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے تحت آئی ٹی کمپنیوں کو ٹیکس مراعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ٹی سے متعلقہ سفارشات کو شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سفارشات کی منظوری سے لاکھوں کی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعطم شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے کو آئندہ سال تک اپنی برآمدات کو 4.5 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ہدف بھی دے دیا۔

اجلاس میں آئی ٹی شعبے کی آمدن کا 35 فیصد استعداد بڑھانے کی سہولت میں 3 سال کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا اور شہباز شریف نے ہدایت کی کہ مقامی سطح پر فائبرکیبل کی تیاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔

قومی اقتصادی کونسل کی آئندہ مالی سال کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری

دوسری جانب قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال سمیت دیگر وزرا اور پنجاب، کے پی اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق این ای سی نے 2 ہزار 700 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی۔

وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے ساڑھے 900 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی، وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 55 ارب روپے کی ایکسٹرنل فنانسنگ بھی شامل ہے جبکہ ڈھائی سو ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

budget 2023 24

information technology