Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ایم ڈی پی ٹی وی کیس، درخواست گزاروں کو وکلا تبدیل کرنے کی اجازت

درخواست گزاروں کو نئے قانون کا فائدہ لینا چاہئے، جسٹس اطہرمن اللہ
شائع 06 جون 2023 10:35am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

سپریم کورٹ نے ایم ڈی پی ٹی وی کیس میں درخواست گزاروں کو وکلا تبدیل کرنے کی اجازت دے دی۔

سپریم کورٹ میں سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کیس کے فیصلے پر نظر ثانی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔عدالت عظمیٰ نے دائر نظر ثانی اپیلوں کو نمبر لگانے کا حکم دیا اور درخواست گزاروں کو وکلا تبدیل کرنے کی بھی اجازت دی۔

سپریم کورٹ نے عطا الحق قاسمی کے وکیل اور اسحاق ڈار کے وکیل کو پیش ہونے کی اجازت دی۔ عدالت نے پرویز رشید کو بھی نیا وکیل کرنے کی اجازت دے دی۔

وکیل نے عدالت سے کہا کہ نئے قانون کے مطابق نظرثانی اپیلوں میں ایڈیشنل حقائق بتانا چاہتا ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نیا قانون نا فذ ہےآپ اس کے تحت درخواست دے سکتے ہیں، چاہیں تو نئے قانون کے مطابق نظرثانی دائر کریں۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے کیس کا فیصلہ 184(3) کے تحت سنایا تھا، درخواست گزاروں کو نئے قانون کا فائدہ لینا چاہئے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعتوں پر پیش ہونے کے باوجود میری حاضری نہیں لگائی گئی۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسی بات نہ کریں جو نا مناسب ہو۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ آپ کی نظرثانی تو زیر التوا ہے۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔

PDM

Supreme Court of Pakistan

MD PTV Case