Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جہانگیر ترین کی نئی پارٹی کے ناموں پر آج پھر بیٹھک لگے گی

جہانگیر ترین نے لیگل ٹیم کو پارٹی رجسٹریشن کے لئے فوری اقدامات کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
اپ ڈیٹ 05 جون 2023 02:12pm
تصویر بزریعہ سوشل میڈیا
تصویر بزریعہ سوشل میڈیا

جہانگیر ترین نے اپنے گروپ کے رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس دوبارہ بلا لیا، آج پارٹی کے نام اور دیگر امور کے بارے میں مشاورت کی جائے گی۔

مذکورہ معاملات کے حوالے سے جہانگیر ترین کی گروپ رہنماؤں سے حتمی مشاورت جاری ہے۔

گزشتہ روز بھی جہانگیر ترین نے مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں، انہوں نے پارٹی کے نام کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ بھی تیز کردیا ہے۔

انہوں نے گزشتہ روز لیگل ٹیم کو پارٹی رجسٹریشن کے لئے فوری اقدامات کرنے کا ٹاسک دیاتھا۔ لیگل ٹیم پارٹی کے ناموں اور الیکشن کمیشن کو درکار تمام تقاضے پورے کرے گی۔

آئندہ ہفتے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کو درخواست دی جائے گی۔

جہانگیر ترین کی جانب سے آئندہ چند روز میں پارٹی کا اعلان متوقع تھا۔

ذرائع کے مطابق نئی جماعت کے حوالے سے 2 نام سامنے آئے ہیں۔ ترین گروپ کے ذرائع کے مطابق ”پاکستان انصاف پارٹی“ اور ”عوام دوست پارٹی“ کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

تاہم، زیادہ تر ارکان کی رائے ہے کہ نئی پارٹی کا نام پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی رکھا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گروپ کے ارکان سے مشاورت کے بعد کسی ایک نام کا اعلان کیا جائے گا اور اسی نام کو الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کرایا جائے گا۔

گزشتہ روز بھی سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔ جہانگیر ترین نے سردار تنویر الیاس کو ترین گروپ میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔

مظفر گڑھ سے سابق ایم پی اے نیاز خان گشکوری نے بھی ہفتہ کو جہانگیر ترین سے ملاقات کرکے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

نعمان لنگڑیال اور لالا طاہر رندھاوا، عون چوہدری اور مہر اسلم بھروانہ سمیت ترین گروپ کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ میں موجود رہے۔

اس موقع پر نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا نظریہ چھوڑ کر آنے والوں کو ویلکم کریں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف چھوڑنے والے سابق اراکین صوبائی اسمبلی نے الگ گروپ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر اور مراد راس نے سابق اراکین سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر اور مراد راس نے تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرز کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا جس کے مقام اور وقت کو پوشیدہ رکھا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی کے 35 سے زائد رہنما اور ٹکٹ ہولڈرز اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں نئے گروپ کی تشکیل پر مشاورت ہو گی۔

اس ضمن میں ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ وہ پی ڈی ایم یا ن لیگ کے ساتھ ہرگز ہاتھ نہیں ملائیں گے، پی ٹی آئی کے سابقہ دوستوں کا الگ گروپ مل کر آئندہ انتخابات میں حصہ لے گا۔

خیبرپختونخوا میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے رابطے جاری ہیں، پرویز خٹک کے پارٹی عہدہ چھوڑنے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت ہوئی ہے جبکہ آئندہ 2 سے 3 روز میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

پرویز خٹک کے پارٹی صدارت کا عہدہ چھوڑنے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کے لیے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی قیادت کے رابطے ہونے کی اطلاعات آرہی ہیں۔

اگرچہ سابق گورنر شاہ فرمان، تیمور سلیم جھگڑا، عاطف خان، شہرام ترکئی، مراد سعید، علی امین گنڈا پورسمیت اہم رہنما نامعلوم مقامات پر روپوش ہیں لیکن بتایا جا رہا ہے کہ روپوشی کے باوجود صوبائی رہنماؤں کے مابین رابطے اور بات چیت جاری ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام رہنما موجودہ صورتحال میں تذبذب کا شکار ہیں اور کارکنوں کے ممکنہ ردعمل کے باعث رہنماؤں کا منظر عام پر آنے سے گریزاں ہیں۔

پارٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز میں اہم فیصلوں کا امکان ہے ۔

دوسری طرف علی امین گنڈا پور کے حوالے سے یہ بتایا جا رہا ہے کہ انہوں نے عمران خان کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔

Jahangir Tareen Group

Jahangir Tareen Party name

Politics June 5 2023