Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کے آموں کے تحفے پر ترک صدر مسکرا دیے

مجھے علم ہے کہ پاکستان کے آم بہت لذیذ اور میٹھے ہوتے ہیں، رجب طیب اردوان
اپ ڈیٹ 04 جون 2023 02:11pm
فوٹو ــ ٹوئٹر اسکرین گریب
فوٹو ــ ٹوئٹر اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کی جس میں رجب طیب اردوان نے پاکستانی آموں کی تعریف بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تین روزہ دورہ ترکیہ کے دوران نومنتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور اہم ملاقاتیں کیں۔

پاکستان روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ میں خوشگوار انداز میں گفتگو ہوئی جس میں پاکستانی آموں کی تعریف کی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں اب واپس روانہ ہو رہا ہوں۔ پاکستان کے عوام آپ کے انتخاب پر بہت خوش ہیں، آپ کے لئے آموں کا تحفہ لایا ہوں۔ شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ آدھے آم اپنے بھائی اور آدھے اپنی بہن کے لئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز کی بات پر صدر اردوان اور ان کی اہلیہ بے ساختہ مسکرا دیے اور کہا کہ مجھے علم ہے کہ پاکستان کے آم بہت لذیذ اور میٹھے ہوتے ہیں۔

خصوصی بورڈ پر تہنیتی پیغام اور دستخط

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے تیسری بار صدر منتخب ہونے پر مہمان صدور اور سربراہان حکومت نے دستخط اور پیغامات درج کئے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بھی خصوصی بورڈ پر صدر اردوان کو مبارک اور نیک تمناﺅں کا تہنیتی پیغام دیا اور دستخط کئے۔

Turkish President

Pakistan Turkeya Relation

Pakistan's Mango Exports