روسی دارالحکومت ماسکو پر ڈرونز سے حملے
یوکرینی دارالحکومت کیف پر میزائل حملوں کے بعد روسی دارالحکومت ماسکو کو ’غیر معمولی‘ ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ماسکو کے میئر سیرگئی سوبیانن نے بتایا کہ، ’آج (منگل، 30 مئی) صبح سویرے ایک ڈرون حملے کی وجہ سے کئی عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا۔ شہرکی تمام ایمرجنسی سروسز کے کارکن جائے وقوعہ پر موجود ہیں… کسی کے بھی شدید زخمی ہونے کی اب تک کوئی اطلاع نہیں۔‘
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں بعض مکانات کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے اور آسمان کی طرف اٹھتے ہوئے دھوئیں کے بادل دیکھے جا سکتے تھے۔
ماسکو، یوکرین سے ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔
یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے حالانکہ روس میں دیگر مقامات پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیںم تاہم ماسکو کو شاید ہی کبھی نشانہ بنایا گیا ہو۔
روس کی تفتیشی کمیٹی کا کہنا ہے کہ روسی فضائی دفاع نے منگل کے روز ماسکو کی طرف آنے والے متعدد ڈرونز مار گرائے۔
ایک روسی رکن پارلیمان میکسم ایوانوف کا کہنا تھا کہ ماسکو پر منگل کی صبح کیا گیا حملہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے روسی دارالحکومت پر آج تک کیا گیا سب سے سنگین حملہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی طرف سے کہی گئی یہ بات اب ’نئی حقیقت‘ ہے اور اب کوئی بھی شہری محفوظ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ’آپ اپنے وطن کے لیے آہنی ہاتھوں سے یا تو اپنے دشمن کو کچل دیں یا پھر بزدلی اور غداری آپ کے خاندان کو ڈھانپ لے گی۔‘
ماسکو کے گورنر آندرے ووروبائیوف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر بتایا کہ ماسکو کی طرف آنے والے متعدد ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ڈرونز کہاں سے بھیجے گئے تھے۔
روس میں متعدد ٹیلی گرام چینلز پر شائع کردہ پیغامات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ماسکو کے نواح میں چار سے لے کر دس تک ڈرونز مار گرائے گئے۔
ماسکو کے میئر نے بتایا کہ بعض مکانات سے ان کے مکینوں کو نکال کر خالی بھی کرا لیا گیا۔
اس سے قبل مئی کے اوائل میں کریملن کے اوپر دو ڈرونز کو مار گرایا گیا تھا۔ ماسکو نے یوکرین پر ان ڈرون حملوں کا الزام عائد کیا تھا۔
کیف پر بھی ڈرون حملے
ماسکو پر یہ ڈرون حملے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بھی اسی طرح کے حملوں کے ایک روز بعد کیے گئے۔ ان حملوں میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کے روز روس کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں اور بھیجے جانے والے ڈرونز میں سے بیشتر کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔
Comments are closed on this story.