Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

کچے کے علاقے میں 100 سے زائد پولیس چیک پوسٹیں قائم کرنے کا کام شروع

آئندہ چند ماہ میں کچے کو ڈاکوؤں سے صاف کر دیں گے، ڈی آئی جی گھوٹکی
شائع 29 مئ 2023 04:51pm

گھوٹکی پولیس نے کچے کے علاقے میں 100 سے زائد پولیس چیک پوسٹ قائم کرنے کا کام شروع کر دیا۔

سندھ پولیس نے کچے کے علاقے میں موجود ڈاکوؤں کے خاتمے کے لیے قمر کس لی ہے، اور پولیس نے کچے کے علاقے میں سو سے زائد چوکیاں قائم کرنے کام شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے خطرناک علاقے راونتی کے مقام پر بھی اپنی پکی پولیس چوکی قائم کردی ہے۔

ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کا کچے کے علاقے میں آپریشن جاری ہے، پولیس کچے میں ڈاکوؤں سے بھر مقابلہ کر رہی ہے، راونتی سے ایک کلومیٹر سے کم فاصلے پر کچھ ڈاکو موجود ہیں جن کو گرفتار کریں گے، مکمل کامیابی میں تاحال وقت درکار ہے، تاہم آئندہ چند ماہ میں کچے کو ڈاکوؤں سے صاف کر دیں گے۔

ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو کے مطابق سندھ پولیس کو پنجاب کے کچے علاقے میں بھی آپریشن کرنا پڑتا ہے، خصوصی بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے کچے کے علاقے میں آپریشن کامیاب کرنے میں کامیابی مل رہی ہے، پکی پوسٹ ماضی میں ڈاکوؤں کی آماج گاہ ہوا کرتی تھی، جس کو کنٹرول میں لینے کے بعد اس پر 40 فٹ بلند واچ ٹاؤن قائم کردیا ہے۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا تھا کہ چوکیوں کے قیام تک کچے کے علاقے میں پولیس کا گشت بند کردیا گیا ہے، گشت پر معمور پولیس اہلکار ڈاکوؤں کا آسان ہدف بن سکتے ہیں۔