وزیراعظم شہباز شریف کا یوم تکبیر پر پیغام
پاکستان نے 1998 میں آج ہی کے دن ایٹمی دھماکے کیے تھے اسی مناسبت سے یوم تکبیر منایا جارہا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کی خاطر سیاسی اختلاف بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
یوم تکبیر پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج یوم تکبیر پر پوری قوم کو مبارک پیش کرتا ہوں، آج کے دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے 5 جوہری دھماکے کرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دن ہمارے لئے ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم آزاد ہیں، آزاد ہی رہیں گے، کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا، ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔ نوازشریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا کر پاکستان کو پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم ایٹمی پروگرام کے بانی ذو الفقارعلی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جہنوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، ڈاکٹرعبد القدیر سمیت جوہری پروگرام کے تمام ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آج ہمیں ملک کی خاطر سیاسی اختلاف بھلا کراتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے1976ء میں ایٹم بم پر کام شروع کیا اور چھ سات سال کے مختصر عرصے میں اسے پایہ تکمیل تک پہنچا دیا۔ 1982ء میں بم تیار ہوگیا تھا، جس کا کامیاب تجربہ 28مئی 1998ء میں کیا گیا،جس سے نہ صرف پاکستانی قوم، بلکہ افواج پاکستان کا مورال بھی بلند ہوا اور دنیا کے سات ایٹمی ممالک میں پاکستان کا نام بھی شامل ہوگیا اسے ہم ’’یوم تکبیر‘‘ کے نام سے یاد کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ مئی 1974ء میں بھارت نے ایٹمی دھماکہ کرکے عالمی خصوصاً برصغیر کے امن کو سنگین خطرات سے دوچار کردیا تھا اس وقت کے ایک بھارتی وزیر ایل کے ایڈوانی نے پاکستانی قوم کو للکارتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اب ایٹمی قوت ہے اور پاکستانی قوم ہمارے سامنے سر جھکا کر چلنا سیکھے جس سے واضح طور پر پاکستان کو یہ پیغام دیا گیا کہ بھارت نے ایٹم بم اپنے دفاع کے لئے نہیں بلکہ اسے پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کے لئے بنایا۔
Comments are closed on this story.