خاکروب کے ضمانتی مچلکے مسترد ہونے کے بعد عمران خان کے وکیل خود عدالت پہنچ گئے
گزشتہ روز زمان پارک کے خاکروب کی جانب سے پیش کئے گئے ضمانتی مچلکے مسترد کئے جانے کے بعد آج ایڈووکیٹ محمد حبیب خود عمران خان کے مچلکے لے کر لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت پہنچ گئے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج اعجاز بٹر کر رہے ہیں۔
دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان کہاں ہیں جن کی جانب سے مچلکے جمع کرانے ہیں؟ جس پر ضامن نے جواب دیا کہ اگر عدالت حکم دے تو میں ابھی عمران خان کو لے آتا ہوں۔
جس کے بعد عدالت نے کارروائی کچھ دیر کیلئے ملتوی کردی۔
عمران خان کے خلاف تینوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے ہیں، ضامن نے گاڑیوں کے کاغذات مچلکے کیلئے عدالت میں پیش کئے۔
عمران خان کا ضمانتی سویپر شیروز چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ نمبر23 /1271 گلبرگ، 96/23 سرور روڈ اور 768/23 تھانہ شادمان میں درج مقدمے میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے آیا تھا۔
عمران خان کے خلاف تھانہ گلبرگ میں عسکری ٹاور پر حملے، تھانہ سرور روڈ میں جناح ہاؤس پر حملے اور تھانہ شادمان پر حملے کا مقدمہ درج ہے۔
**
Comments are closed on this story.