Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی

مغربی ہوائیں 28 مئی سے ملک میں داخل ہوں گی، محکمہ موسمیات
شائع 26 مئ 2023 04:04pm

محکمہ موسمیات کی اگلے ہفتے سے کراچی سمیت دیگر شہروں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے ستائے عوام کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے متعدد اضلاع میں آئندہ ہفتے سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں بادل ایک بار پھر برسنے کو تیار ہیں، کیوں کہ 28 مئی سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے بعد 30 مئی تک ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے ملک میں درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ 30 مئی کے دوران بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے اکثر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی امکان ہے، اور اس دوران سندھ کے شہر کراچی، سکھر، دادو، حیدرآباد، جیکب آباد، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص اور خیرپور میں بھی بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، جب کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرانولہ سمیت پنجاب میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اور اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان میں کمزور انفراسٹرکچر اور کھڑی فصلوں کو نقصان کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

Rain

rainy weather

rain in karachi