پیپلزپارٹی کے مشاورتی اجلاس میں رہنماؤں کی آپس میں تلخ کلامی
پیپلزپارٹی کے مشاورتی اجلاس میں رہنما آپس میں الجھ پڑے۔
سابق صدر آصف زرداری کی ہمیشرہ فریال تالپور کی زیرصدارت ضلع ٹھٹہ کے بلدیاتی امیدواروں کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے رہنما آپس میں الجھ پڑے، سینئر رہنما سسی پلیجو اور ایم پی اے جام اویس کے درمیان بھی تلخ کلامی ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ رکن سندھ اسمبلی جام اویس نے گھارو ٹاؤن کمیٹی کا چیئرمین اپنا لانے کیلئے قیادت کے سامنے مؤقف رکھا۔ جس پر سسی پلیجو نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے سینئر حقدار کو چیئرمین بنائیں، اور اس حوالے سے پارٹی فیصلہ کرے۔
ذرائع کے مطابق ایم پی اے جام اویس نے سسی پلیجو سے تلخ کلامی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا اس حلقے سے کیا تعلق ہے۔ چیئرمین ہماری مرضی کا آئے گا تو مسائل حل ہوں گے۔
سیسی پلیجو نے بھی بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسائل بھی آپ پیدا کرتے رہے ہیں، یہ حلقہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کا ہے، ورنہ میں آپ کو ہمیشہ یہاں سے شکست دیتی رہی ہوں۔
ذرائع نے بتایا کہ سسی پلیجو کے جواب پر جام اویس غصے میں آگئے اور تلخ کلامی ہوئی۔ تاہم فریال تالپور اور دیگر رہنماؤں نے مداخلت کرکے معاملہ رفع دفع کرایا۔
Comments are closed on this story.