ٹارگٹ کلنگ یا ڈکیتی! سفاک ملزمان نے پہلے بیٹے اور پھر باپ کو نشانہ بنایا
کراچی میں ملزمان نے پہلے بیٹے اور کچھ روز بعد والد کو نشانہ بنایا۔ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا ڈکیتی مزاحمت معاملہ الجھ گیا۔
کورنگی میں پانچ روز کے دوران سفاک ملزمان نے فائرنگ کرکے باپ اور بیٹے کو قتل کردیا۔ نامعلوم افراد نے پہلے بیٹے کو لوٹ مار کے دوران قتل کیا اور ٹھیک پانچ روز بعد 66 سالہ والد سے بھی موبائل فون چھین کر گولیاں مار دیں۔
لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ معاملہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے، جسے ڈکیتی مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب کورنگی چار نمبر میں نامعلوم ملزمان نے پہلے موبائل فون چھینا اور پھر فائرنگ کرکے 66 سالہ صفدر حسین کو قتل کردیا۔ فرار ہونے والے مبینہ ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پرآگئی۔
یاد رہے کہ پانچ روز قبل مقتول کے بڑے بیٹے اظہر حسین کو زمان ٹاؤن میں گھر کے باہر لوٹ مار کے دوران قتل کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ مقتول صفدر حسین کی مدعیت میں پانچ روز قبل بیٹے کے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق اظہر حسین کے قتل کے بعد مبینہ پولیس مقِابلے میں ملوث ایک ملزم ہلاک اور دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
Comments are closed on this story.