Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

محمود الرشید کا میڈیکل کرانے کے احکامات جاری

مجھے چار دن پہلے گرفتار کیا گیا اور تشدد بھی کیا، محمود الرشید کا عدالت میں بیان
شائع 17 مئ 2023 03:39pm

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید کا میڈیکل کرانے کے احکامات جاری کر دیے۔

لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ محمود الرشید کو ہتھکڑیوں میں عدالت پیش کیا گیا۔

سرکاری وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ملزم جسمانی ریمانڈ پر ہے، اس کی گرفتاری مطلوب ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گرفتاری تو اب ریگولیٹ ہو چکی ہے۔

محمود الرشید کے وکیل نے کہا کہ پہلے ان کو غیر قانونی حراست میں رکھا، تمام کیسز میں ایک ہی بار گرفتاری اور تفتیش کر لیں۔

سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ملزم ایک مقدمہ میں نامزد ہے، محمود الرشید کل پانچ مقدمات میں مطلوب ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے ریمانڈ دیے جانے کا آرڈ دیکھا ہے۔

عدالت نے محمود الرشید سے استفسار کیا کہ آپ کو حراست میں کب لیا، جس پر محمود الرشید نے عدالت کو بتایا کہ مجھے چار دن پہلے گرفتار کیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے پھر استفسار کیا کہ کیا آپ پر تشدد ہوا، جس پر محمود الرشید نے عدالت کو بتایا کہ جی ہاں مجھ پر تشدد کیا گیا ہے۔

عدالت نے محمود الرشید کا میڈیکل کرانے کے احکامات جاری کر دیے اور حکم دیا کہ ملزم کو سیدھا سروسز اسپتال بورڈ میں لے کر جایا جاٸے۔

عدالت نے میڈیکل کروانے کے احکامات کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے 14 ملزمان کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیج دیا

دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 14 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے عمران خان کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہنچانے کی درخواست پر سماعت کی۔

تھانہ مغلپورہ اور تھانہ شادمان سے 7،7 پی ٹی آئی کارکنان عدالت میں پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر انسپکٹر شوکت نے ملزمان کو پیش کیا اور شناخت پریڈ کرانے کی استدعا کی۔

عدالت نے 14 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ملزمان کو چہرے ڈھانپ پر پیش کیا گیا۔ ملزمان پر سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے کا الزام ہے ۔

pti

Mian Mehmood ur Rasheed

Politics may 17 2023