Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران کی گرفتاری پر رینجرز کی چوکی کو آگ لگانے والے باپ بیٹا گرفتار

گرفتار ملزم نے اپنے جُرم پرمعافی مانگ لی
اپ ڈیٹ 14 مئ 2023 07:27pm

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران رینجرز کی چوکی کو آگ لگانے والے باپ، بیٹے کو گرفتارکرلیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا دونوں ملزمان باپ بیٹا ہیں جبکہ گرفتارملزم عبدالحمید نے اپنے جُرم پرمعافی مانگ لی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 9 مئی کو شاہراہ فیصل پر رینجرز چوکی کو آگ لگانے کے بعد ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔ ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ کرتے ہوئے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔

ملزم عبدالحمید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کے اکسانے پر رینجرز کی چوکی کو آگ لگائی اور آرمی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف نعرے بازی کی۔

انہوں نے کہا کہ ویڈو میرے بیٹے نے بنائی تھی اور میرے کہپنے پر وائرل بھی کی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں رینجرز کی ایک چوکی کو جلتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ اس کے سامنے موجود ملزم عبدالحمید کہہ رہے ہیں ’میری بات سن لو عاصم منی، یہ چوکی میں نے جلائی ہے‘۔

اب گرفتاری کے بعد جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے عمل پر شرمندہ ہیں اور معافی چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں انصافیوں سے کہتا ہوں کہ لیڈروں کے بہکاوے میں آخر اس قسم کی شرپسندی سے دور رہیں۔

ملزم عبدالحمید کے بیٹے حذیفہ حمید نے بھی ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے اپنے والد کی ویڈیو بنائی اور اس کے بعد فوج کو گالیاں دیں اور کور کمانڈر ہاؤس چلنے کو کہا، اس پر میں شرمندہ ہوں اور معافی مانگتا ہوں۔

karachi

Sindh Police

imran khan arrested