13 پارٹیوں نے 170 ارب روپے کے غریب پر ٹیکس لگائے، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 13 پارٹیوں نے 13 مہینوں میں 170 ارب روپے کے غریب پر ٹیکس لگائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 50 فیصد مہنگائی کی اور آئی ایم ایف سے بھی کچھ نہیں ملا، 17 مئی کے آئی ایم ایف کے ایجنڈے میں پاکستان کو جھنڈی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر اور امپورٹ کم ہورہی ہے، کاروبار تباہ ہے، وزراء غیر ملکی دوروں پر ہیں، آئین کی گولڈن جوبلی منانے والوں کے سامنے آئین ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ پی اے سی میں ججوں کی انکوائری اور ججوں کو تختہ دار میں لٹکانے کی دھمکی عدلیہ سے کھلی جنگ کے مترادف ہے، خود تو عوام میں تنہا ہوئے، پاکستان کو بھی دنیا میں تنہا کر دیا ہے، یہ پارلیمانی ریکارڈ بھی جمع نہیں کرائیں گے بلکہ سازش کے تحت حالات خراب کرائیں گے تاکہ گھر جانے میں آسانی ہو۔
سابق وزیرداخلہ کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا کہ عدلیہ کب تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کرے گی بالآخر آئین کو نافذالعمل کرنا پڑے گا نہ یہ ریکارڈ جمع کرائیں گے نہ پیسے دیں گے نہ الیکشن کرائیں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ عدلیہ کو آئینی فیصلے پرمجبور کرائیں گے جو وزیراعظم برطانیہ کی تاج پوشی میں مصروف ہو اسے آٹے کے قحط کی کیا فکر، حکومت عوام میں نفرت کا نشان بن چکی ہے۔
ایک دن میں 20 کلو آٹے کے بیگ میں 200 روپے اضافہ ہوا، فواد چوہدری
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ٹویٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ صرف ایک دن میں 20 کلو آٹے کے بیگ میں 200 روپے اضافہ ہوا ہے، اب آٹے کی قیمت کراچی میں 2800 روپے اور خیبر پختونخوا میں 3400 روپے پہنچ گئی ہے۔
اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں مہنگائی کا ایسا طوفان آیا ہے کہ مڈل اور لوئر مڈل کلاس طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔
Comments are closed on this story.