کراچی: گلشن اقبال میں کھیل کے دوران گٹر میں گرنے والا بچہ اب تک نہ مل سکا
کراچی کے علاقے گلشن اقبال تیرہ ڈی میں ہفتے کو گٹر میں گرنے والا بچہ اب تک نہیں مل سکا۔
گلشن اقبال 13 ڈ ی میں 8 سالہ ابیہان کھیل کے دوران بے دہانی میں گٹر میں جاگرا تھا۔ ریسکیو حکام بچے کی تلاش میں ناکام ہوگئے تو بچے کے رشتہ داروں اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کی تلاش شروع کردی۔
بچے کے چچا نے آج نیوز کے نمائندے کو بتایا کہ ابیہان دوستوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے نالے میں گر گیا تھا۔ سارے بچے آگے والی گلی میں میچ کھیلنے گئے تھے۔ اچانک ابیہان کا گیارہ سالہ بڑا بھائی بھاگتے ہوئے آیا اور اس نے بتایا کہ بھائی گٹر میں گرگیا ہے۔
بچے کے چچا نے مزید بتایا کہ جب گھر والے پہنچے تو رش لگا ہوا تھا سوئپر جسم پر رسی باندھ کر اندر کود رہے تھے لیکن سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے وہ اندر نہیں اتر سکے۔
ابیہان کے چچا کا کہنا تھا کہ ریسکیو ورکرز کی ناکامی کے بعد اب ہم اپنی مدد آپ کے تحت بچے کی تلاش کررہے ہیں، ہمیں کسی سے سپورٹ نہیں ملی ہم خود نالے میں اتر رہے ہیں اور جگہ جگہ کھود رہے ہیں۔
دوسری طرف اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، اہل محلہ کے مطابق گٹر کا ڈھکن کئی عرصے سے غائب ہے، متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود سنوائی نہ ہوسکی۔
دوسری جانب اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کی جانب سے سوک سینٹر کے قریب سڑک بلاک کرکے احتجاج بھی کیا گیا، مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
Comments are closed on this story.