Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ضمنی بلدیاتی الیکشن: پیپلز پارٹی کا 11 میں سے 5 نشستوں پر جیت کا دعویٰ

15 میں سے 7 کونسلرز کی نشستیں بھی جیت گئے ہیں، سعید غنی
شائع 07 مئ 2023 11:28pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سعید غنی کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ تھا کس جماعت کو کتنا ووٹ پڑا ہے، ہم نے پورے پلان سے ان علاقوں میں محنت کی۔

سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی 11 میں سے 5 نشستیں جیت گئی ہے، 4 پر ہم ہارے ہیں اور 2 کے نتائج نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع غربی، کیماڑی، سینٹرل، کورنگی اور لیاری کی سیٹ ہم نے جیت لی۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 میں سے 7 کونسلرز کی نشستیں جیت گئے ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ذہن بنا کر بیٹھی ہے کراچی کی ہر نشست جیت جائے گی، شاہ فیصل کالونی میں 100 فیصد یقین تھا کہ ہم جیتیں گے لیکن ہار گئے۔

سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے غنڈہ گردی کی، ضلع غربی میں 3 کارکن اور مشرقی میں 2 کارکن زخمی ہوئے، کورنگی میں بھی 3 کارکن زخمی ہوئے، جہاں انہیں معلوم ہوا کہ ہار رہے ہیں وہاں حملے کئے، ضلع شرقی میں انہوں نے ایک خاتون کو جان سے مارنے کی کوشش کی۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ ہم کراچی میں مل کر لوگوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر بہت سے سوالات ہیں، لیکن ہم مانتے ہیں، جماعت اسلامی ہمارا مینڈیٹ بھی مانے، پیپلز پارٹی کو کراچی سے ختم نہیں کرسکتے، پیپلزپارٹی کراچی کی ایک حقیقت ہے۔

Saeed Ghani

Pakistan People's Party (PPP)

Karachi Local Bodies Election 2023

Local Bodies Election May 7 2023