Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عثمان بزدار کو 8 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

"ان کا ویک اینڈ اچھا گزرجائے گا"، عدالت
شائع 05 مئ 2023 10:53am
تصویر:  روئٹرز/ فائل
تصویر: روئٹرز/ فائل

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 8 مئی تک توسیع کردی ہے۔

عثمان بزدار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات سےمتعلق سماعت جسٹس طارق سلیم شیخ نے کی جہاں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 8 مئی تک توسیع کی ہے۔

عدالت نے سرکاری وکیل کی عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کا حکم واپس لینے کی استدعا مسترد کی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی ہر کیس میں گرفتاری کیوں درکار ہوتی ہے۔

جسٹس طارق سلیم نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ پرویز الٰہی کے گھر پر جو کچھ ہوا اس کے بعد آپ کو اپنی آنکھیں بند نہیں کرنی چاہیے، پیر تک گرفتار نہیں ہونگے تو کچھ فرق نہیں پڑتا، ان کا ویک اینڈ اچھا گزر جائے گا۔

وکیل عثمان بزدار نے کہا کہ صورت حال یہ ہے کہ آئے روز چھاپے مارے جارہے ہیں مقدمات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے، اینٹی کرپشن اور پولیس کی جانب سے ہفتے اور اتوار کو مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں، لوگ اپنے گھروں میں جا نہیں سکتے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ شامل تفتیش ہوئے ہیں؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ عثمان بزدار ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے کہا کہ آپ وزیر اعٰلی رہے ہونگے مگر یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ مجھے جب بلایا گیا تب کرونا میں مبتلا تھا کل بھی تین گھنٹے اینٹی کرپشن میں موجود رہا بتایا گیا کہ کوئی کوئی کیس نہیں ہے۔

Usman Buzdar

Politics May 5 2023