Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت سے تجارت اور سیاحت کی بحالی پاکستان کے مفاد میں ہے، رمیش کمار

مودی سے ملاقات میں پیشرفت ہوئی تھی سیاسی حالات کی وجہ سے بات آگے نہیں بڑھ سکی، رمیش کمار
شائع 02 مئ 2023 06:07pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

سربراہ پاکستان ہندو کونسل رمیش کمار کا کہنا ہے کہ بھارت سے تجارت اور سیاحت کی بحالی پاکستان کے مفاد میں ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت اور سیاحت کی بحالی سے پاکستان کو ہی فائدہ ہوگا، اس حوالے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں پیش رفت ہوئی تھی لیکن سیاسی حالات کی وجہ سے بات آگے نہیں بڑھ سکی۔

انہوں نے بلاول بھٹو کے شیڈول دورہ بھارت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسی طرح سے ہی مشکلات سے نکل سکتے ہیں، خطے کی سیاست تبدیل ہورہی ہے ہمیں بھی خود کو تبدیل کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر رمیش کمار کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں بے روزگاری ہے جس کےلئے پاکستان ہندو کونسل کے تحت ہم 4 مئی کو ایکسپو سینٹر کراچی میں جاب فیئر کا انعقاد کرنے جارہے ہیں جس میں مختلف کمپنیز اور کراچی کے وفود شرکت کرکے نوجوانوں کو نوکریوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام پر بات کرتے ہوئے سربراہ پاکستان ہندو کونسل کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی پر کسی کو شق نہیں ہونا چاہیے لیکن تنازعات سے ملک کو نقصان ہوگا۔