Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بشریٰ بی بی کا مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ

جاوید لطیف، احسن اقبال اور اسحاق ڈار مذاکرات کو نقصان پہنچا رہے ہیں، رہنما پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 03 مئ 2023 08:42am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ساکھ کو نقصان پہنچانے پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’کل مریم نواز نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی فائلوں پر دستخط کروانے کے پیسے لے رہی تھیں۔ انہوں نے کبھی کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا۔‘

’بشریٰ بی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی طرف سے مریم نواز کو ایک نوٹس بھیجا جائے۔ مریم نواز کے خلاف ہم ساکھ کو نقصان پہنچانے پر پاکستان پینل کوڈ کے تحت فوجداری مقدمہ دائر کروانے جا رہے ہیں۔‘

فواد چوہدری نے سیاسی حریفوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے نیب ترمیم کالعدم قرار دی تو یہ لوگ پھنس جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا آج آخری روز ہے، انتخابات کو 14 مئی سے آگے نہیں لے جایا جاسکتا اگر الیکشن کی تاریخ نہ دی گئی تو مارچ ہوسکتا ہے، ن لیگ کی اندرونی سیاست مذاکرات کو نقصان پہنچا رہی ہے، جاویدلطیف، احسن اقبال اور اسحاق ڈار مذاکرات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کیخلاف قوانین کاغلط استعمال کررہی ہے، دنیا پاکستان میں قوانین کےغلط استعمال کی مذمت کررہی ہے، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور اور حسان نیازی کی ضمانت ہوچکی ہے، اس کےباوجود رہنماؤں کو رہا نہیں کیا جارہا، سازش کے تحت عدالتی نظام کو ختم کیا جارہا ہے، تمام ادارے سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں، عدالت صرف فیصلےنہ کرے، اپنے فیصلوں پرعملدرآمد بھی کروائے۔

فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو نشانے پہ رکھا اور اعلان کیا کہ مریم نواز کیخلاف فوجداری مقدمہ دائر کررہے ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز نے ججز کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا، سپریم کورٹ کے 8 ججز مسلم لیگ ن کے نشانے پر ہیں یہ پارٹی عدالت عظمیٰ کے بینچ کو فیصلے سے روکنا چاہتی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈز کی بلڈنگ ہی پاناما کے ثبوت ہیں نوازشریف کو پاناما ریفرنس میں ہی سزا ہوئی ہے، گزشتہ روز مریم نواز نے بشریٰ بی بی پر بھی الزام لگایا حالانکہ انھوں نے کبھی سیاست میں حصہ نہیں لیا، عمران خان کی اہلیہ کی جانب سے مریم کو نوٹس بھیجا رہا ہے، مریم نواز کیخلاف فوجداری مقدمہ دائرکررہے ہیں، بشریٰ بی بی کی طرف سے مریم نواز کو آج نوٹس بھیجا جائے گا۔

سیاسی حریفوں پر تنقید کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ این آراو بچانے کیلئے سپریم کورٹ کو نشانہ بنایا جارہا ہے، عدالت عظمیٰ نے نیب ترمیم کو کالعدم قرار دے دیا تو یہ پھنس جائیں گے، پورا پاکستان سپریم کورٹ اور فیصلوں کے ساتھ کھڑا ہے، عدالتی فیصلوں پرعملدرآمد کروانا عوام کا کام ہے، حقوق کی حفاظت کیلئے سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے بیرونی دوروں پر سب سے کم خرچ ہوا،عمران خان کے دوروں پر 17 کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ نوازشریف کے دوروں پر 4 ارب روپے خرچ ہوئے اور بلاول کے دوروں کی تفصیلات سامنے نہیں لائی جارہی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر توہین کے معاملے پر بہت حساس ہیں لیکن ڈنڈے کے زور پر عزت نہیں کروائی جاسکتی، اپنے اقدام و اخلاق سے اپنی عزت کروائی جاتی ہے، چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ادارے کی عزت کم کردی ہے، اپنے ادارے کو ہی ختم کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے ووٹ کے حق سے محروم ہیں، پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آگیا لیکن ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ پر خاموشی ہے، تحریک انصاف چیف الیکشن کمشنر کےخلاف نیا ریفرنس بھیج رہی ہے، سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں گے ہمارے لوگوں کو سیاسی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے موجودہ الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

الیکشن فنڈز پر حکومتی مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایک طرف کہا گیا کہ زہر کھانے کو پیسے نہیں اور دوسری جانب 6 کروڑ کا چیف الیکشن کمشنر کا نیا گھر بنایا جارہا ہے، عمران خان کا بدعنوانی کا ایک کیس بھی نہیں ہے ان پر اور ہمارے دیگر رہنماؤں پر دہشتگردی کے مقدمات بنائے گئے۔

PDM

Maryam Nawaz

Supreme Court of Pakistan

Politics May 2 2023