Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اینٹی کرپشن کی ٹیم عثمان بزدار کی گرفتاری کیلئے پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پر ڈی جی خان میں سرکاری اراضی پر قبضے کا مقدمہ درج
اپ ڈیٹ 03 مئ 2023 08:53am

اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم تحریک انصاف کے رہنما عثمان بزدارکو گرفتار کرنے پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف نیب میں مبینہ کرپشن اور کرپٹ پریکٹس کیس کی تفتیش چل رہی ہے، اسی حوالے سے وہ آج نیب لاہورپیش ہوئے جہاں نیب ٹیم نے ان سے 2 گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ کی۔

عثمان بزدارنے گزشتہ پیشی پر سوالنامہ کے جوابات دینے سے معذرت کی تھی، نیب حکام نے انہیں کو آج پھر طلب کررکھا تھا۔ نیب حکام نے ان سے تونسہ اور ڈی جی خان میں جاری کیے جانے والے ترقیاتی فنڈز سے متعلق بھی سوال کیے۔

سابق وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار نیب آفس میں پیشی کے بعد واپس روانہ ہوگئے، اور کچھ ہی دیر بعد ان کی گرفتاری کے لئے اینٹی کرپشن کی ٹیم پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی، تاہم کسی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ذرائع اینٹی کرپشن کا کہناہے کہ عثمان بزدار پر ڈی جی خان میں سرکاری اراضی پر قبضے کا مقدمہ درج ہے، اور اینٹی کرپشن کی جانب سے آج ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار پنجاب یونیورسٹی کے ریسٹ ہاؤس میں مقیم ہیں، تاہم انتظامیہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اینٹی کرپشن کی کسی بھی کارروائی سے لاعلمی کا اظہار کیا، اور سابق وزیراعلیٰ کے یونیورسٹی میں ہونے یا نہ ہونے سے بھی لاعلمی ظاہر کی۔

دوسری جانب ذرائع اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں داخلے کیلئے انتظامیہ سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں۔

pti

Usman Buzdar

anti corruption

Punjab Anti Corruption

Politics May 2 2023