Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پولیس کا پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پھر چھاپہ، گھریلو ملازمین سے پوچھ گچھ

چوہدری وجاہت حسین کی رہائش گاہ پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا
اپ ڈیٹ 02 مئ 2023 09:30am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر اسکرین گریب

گجرات میں پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالہیٰ کی رہائش گاہ پر ایک بار پھر چھاپہ مارا ہے۔

پولیس کی نفری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ میں داخل ہوئی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے گھریلو ملازمین کو ایک کمرے میں بند کردیا اور ان سے پوچھ گچھ کی۔

مزید پڑھیں: پولیس پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے میں ناکام، خواتین سمیت 25 ملازمین گرفتار

پرویز الٰہی کے بارے میں بھی پوچھتے رہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب گھر پر نہیں ملے تاہم کچھ دیر بعد اہلکار واپس چلے گئے۔

پرویزالہیٰ کے کنجا ہاؤس میں چھاپے کے بعد پولیس کی نفری نت ہاؤس پہنچی، پولیس دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوگئی، البتہ تلاشی اور ملازمین سے پوچھ گچھ کے بعد واپس چلی گئی۔

مزید پڑھیں: پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے سے روکنے اور پولیس ایکشن کیخلاف درخواست دائر

نت ہاؤس چوہدری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین کے زیر استعمال ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کے بیٹے مونس الہیٰ نے پولیس چھاپے کی سی سی ٹی وی ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے کنجا ہاؤس میں ایک بار پھر چھاپہ مارا ہے، ان کے پاس کوئی سرچ وارنٹ نہیں ہے، اس کے باوجود میں نے کہا ہے کہ انہیں رسائی دی جائے۔

دوسری جانب اینٹی کرپشن پولیس کا کہنا ہے کہ کنجاہ ہاؤس میں چھاپے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، یہ پولیس کی کارروائی ہے۔

مزید پڑھیں: پرویزالٰہی کی گرفتاری، عمران خان کا قوم کو نیا لائحہ عمل دینے کا اعلان

ذرائع کے کہنا ہے چوہدری پرویزالہیٰ کے 2 قریبی ساتھیوں کے گھروں پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔

اس سے قبل 28 اپریل کو بھی پولیس نے سابق وزیراعلی پنجاب کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا اور 8 گھںٹے طویل آپریشن کے باوجود چوہدری پرویز الہٰی کو گرفتار نہیں کرسکی تھی۔

پولیس نے خواتین سمیت 25 سے زائد مزاحمت کرنے والے ملازمین کو حراست میں لے لیا تھا۔

مزید پڑھیں: پرویز الہٰی کے گھر چھاپہ: پولیس پر حملے میں گرفتار 2 افراد مقدمے سے خارج

جس کے بعد پولیس نے پرویزالہٰی سمیت 19 افراد افراد کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا تھا۔ مقدمہ سی او اینٹی کرپشن کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپہ، تھانہ غالب مارکیٹ میں درخواست دائر

دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر اینٹی کرپشن اور پولیس کے چھاپے کے معاملے پر پرویزالہٰی کی اہلیہ کی جانب سے تھانہ غالب مارکیٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

پولیس اہلکاروں نے درخواست وصول کرنے سے انکار کردیا۔

پرویزالہٰی کی اہلیہ نے کہا کہ کل بھی درخواست بھیجی تھی، ایس ایچ او نے درخواست وصول نہیں کی، آج بھی درخواست وصول کرنے سے انکار کردیا گیا۔

Chaudhry Pervaiz Elahi

Gujrat

Police operation

Chaudhry Shujat Hussain

Politics May 2 2023