Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی سے ٹی ٹی پی کمانڈر کا بھانجا گرفتار

ٹی ٹی پی کمانڈر سید ولی کا بھانجا جہانزیب اپنے ماموں کی ایما پر بھتہ وصول کرتا ہے۔
شائع 29 اپريل 2023 07:26pm
تصویر بزریعہ کامران شیخ/ نمائندہ آج نیوز
تصویر بزریعہ کامران شیخ/ نمائندہ آج نیوز

کراچی میں اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر سید ولی کے بھانجے کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشتگرد کراچی میں قتل اور بھتہ خوری میں ملوث ہے۔

ایس ایس پی ایس آئی یو/سی آئی اے جنید شیخ نے بتایا کہ ملزم جہانزیب کو گرفتار دہشت گردوں کی نشاندھی پر سائٹ ایریا سے گرفتار کیا گیا، جو کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر سیدولی کا بھانجا ہے۔

ایس آئی یو اور سی آئی اے نے چند روز قبل قتل اور بھتہ خوری میں ملوث ٹی ٹی پی کے دو دہشتگرد محمد کمال خان اور عبد القادر کو گرفتار کیا تھا۔

گرفتار ملزمان نے دوسرے دہشتگرد اور بھتہ خور کی کراچی میں موجودگی کی نشاندھی کی تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایس آئی یو نے میٹروول، سائیٹ ایریا سے ملزم جہانزیب ولد عبد البار یاور محسن کو گرفتار کیا۔

ٹی ٹی پی کمانڈر سید ولی افغانستان سے کراچی میں موجود تاجروں، ڈاکٹروں اور دیگر افراد سے بذریعہ واٹس ایپ بھتہ طلب کرتا ہے اور اس کا بھانجا جہانزیب اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سید ولی کی ایما پر بھتہ وصول کرتا ہے۔

ملزم جہانزیب نے اپنے ساتھی ملزمان محمد کمال خان، عبد القادر اور عبد الماجد کے ساتھ مل کر بھتہ نہ دینے پر بنارس میں قیوم گوشت والے کو قتل کیا تھا جس کا مقدمہ الزام نمبر 20/2023 جرم دفعہ 384/385/302 ت پ 7ATA r/w تھانہ پیرآباد کراچی میں درج ہے۔ ملزم جہانزیب کو اس مقدمہ میں حسب ضابطہ گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنے ماموں سید ولی کے کہنے پر رواں سال کراچی میں تاجروں، ڈاکٹروں و دیگر افراد سے بھتہ طلبی کے انکشافات کیے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔

karachi

TTP Commander Syed Wali