Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایس آئی یو ٹی میں پانچ سالہ بچی کی پہلی کامیاب ہارٹ سرجری

ہسپتال میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری کرنے کے لیے کافی منصوبہ بندی کی گئی۔
شائع 29 اپريل 2023 04:30pm
تصویر بزریعہ مصنف
تصویر بزریعہ مصنف

سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے 5 سالہ بچی زینب کی اوپن ہارٹ سرجری کر کے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔

زینب دل کے سوراخ کے مرض میں مبتلا تھی جس کی وجہ سے پھیپھڑوں میں خون کا بہاؤ بڑھتا تھا، اور اس سے بار بار سینے میں انفیکشن ہوتا تھا۔

اس سرجری کو انجام دینے کے لیے 9 ڈاکٹروں، 2 پرفیوژنسٹ (جو دل اور پھیپھڑوں کی مشین چلاتے ہیں) اور 8 نرسوں کی ایک ٹیم نے کامیاب آپریشن کے بعد زینب کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے ان تھک محنت کی اور صحت یابی کے بعد کل ہسپتال سے چھٹی کر دی گئی۔

ترجمان ایس آئی یو ٹی کے مطابق ہسپتال میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری کرنے کے لیے کافی منصوبہ بندی کی گئی۔

ابتدائی طور پر ماہرینِ امراض قلب اور ان کے معاون عملے کی ایک ٹیم کے ذریعے پیڈیاٹرک کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔

ادارے میں اس نئے شعبے کے قیام کا مقصد بین الاقوامی طرز کا شعبہ بنانا تھا جہاں بچوں میں پیدائش کے دوران دل کی بیماری کا علاج ہو سکے۔

ایس آئی یو ٹی ترجمان کے مطابق ادارہ مریضوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مفت و اعلیٰ معیاری علاج عزت نفس کے ساتھ فراہم کرتا ہے، جہاں مریضوں کے پیچیدہ بیماریوں کے علاج کے سلسلے میں نئی اور جدید سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔

آٹھ بستروں سے شروع ہونے والے ایک وارڈ کو انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن، سینٹر فار روبوٹک سرجری اور اب پیڈیاٹرک ہارٹ سرجری میں تبدیل کرنا، دراصل پروفیسر ادیب رضوی کے خواب کا عملی مظاہرہ ہے۔

ایس آئی یو ٹی میں زینب کے دل کی سرجری کا سہرا ان والدین کو جاتا ہے جنہوں نے ایس آئی یو ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ادیب رضوی اور ان کی ٹیم پر بے پناہ اعتماد کیا۔

SIUT

Heart Transplant

Dr Adeeb Rizvi