کراچی: مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش
روشنیوں کے شہر کراچی میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، شارع فیصل، صدر، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، ملیر، کارساز، حسن اسکوائر، لیاقت آباد، عزیزآباد، نارتھ کراچی اور ناگن چورنگی سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسنے کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس مسرور میں 14ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سرجانی ٹاؤن میں 8.2 ملی میٹر اور جناح ٹرمینل پر 2.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اورنگی ٹاؤن میں 2.1 ملی میٹر ، اولڈ ایئرپورٹ پر 2.2 ، کیماڑی میں 1.5 ملی میٹر اور سب سے کم بارش فیصل بیس پر 1.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے یکم مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہرمیں اتوار کوگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ بارشوں کا سبب بحرہ عرب میں ہوا کا کمزور دباؤ اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے مزید کہا کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 23.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کےعلاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا شہر میں 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی ہوا چل رہی ہے۔
دوسری طرف بلوچستان میں حب ڈیم اور دریجی کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے بعد حب ندی میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا۔ حب ندی سے منسلک راستہ ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کیا گیا جبکہ داؤد بندیجہ گوٹھ کے قریب 52 بکریاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
سندھ کے ضلع بدین اور ساحلی پٹی پر برسات کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ ادھر زیارت شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
Comments are closed on this story.