Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

سندھ حکومت نے کچے کے ڈاکوؤں کی سر کی قیمت مقرر کردی

زیادہ سے زیادہ سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کردی گئی
اپ ڈیٹ 27 اپريل 2023 06:51pm
فائل ــ فوٹو
فائل ــ فوٹو
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

سندھ کابینہ نے زیادہ سے زیادہ سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقررکرنے کی منظوری دے دی۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

صوبائی کابینہ نے اشتہاری مفرور خطرناک ملزمان کے سر کی قیمت بڑھادی۔ قتل، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور دوران ڈکیتی ریپ کے ملزمان خطرناک قرار دیے گئے۔

خطرناک جرم کیلئے سر کی قیمت پانچ لاکھ روپے مقرر کردی گئی جبکہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزم کی بھی قیمت پانچ لاکھ مقرر ہوگئی۔

کابینہ نے زیادہ سے زیادہ سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کرنے کی منظوری دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں ایسے ملزمان جن کے سر کی قیمت پانچ لاکھ روپے ہے، ایسے ملزمان کی تعداد پہلے ہی زیادہ ہے۔

کابینہ نے سندھ کے تمام ٹول پلازہ پرخود کار نمبر پلیٹ پڑھنے والے کیمروں کی تنصیب کیلیے ایک ارب چھپن کروڑ ستر لاکھ روپے فنڈز کی بھی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ چاہتا ہوں جولائی تک اس پر ٹینڈر جاری ہوجائے۔

وزیراعلی سندھ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بارشوں کی پیشگوئی ہے، برسات کے پیش نظر ہمیں اقدامات کرنے ہیں، وزرا، مشیر، معاون خصوصی اپنے علاقوں میں عوام کا خیال رکھیں۔

اس موقع پر پی اینڈ ڈی چئیرمین حسن نقوی نے ترقیاتی پروگراموں سے متعلق بریفنگ میں بتایا رواں سال ایک ہزار 22 جاری اسکیموں میں سے 778 کیلئے سو فیصد فنڈنگ کردی ہے۔ جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ زیادہ سے زیادہ اسکیمیں مکمل ہوں، تاکہ انھیں نئے سال کی اے ڈی پی سے نکال دیں۔

Sindh Police

Kidnapping for Ransom

Pakistan Law and order situation

Sindh Punjab Border Areas

Crimes in Sindh