Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عید پر ریلیز ہونے والی فلموں نے کتنی کمائی کی ؟

عید کے موقع پر 5 پاکستانی فلمیں ریلیز کی گئیں ہیں
اپ ڈیٹ 26 اپريل 2023 10:33pm

عید پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم منی بیک گارنٹی نے 5 دن میں 10 کروڑ سے زائد کا بزنس کر لیا۔

سسپنس، کامیڈی اورایکشن سے بھرپور فلم منی بیک گارنٹی کی کہانی بینک ڈکیتی کے منفرد موضوع کا احاطہ کرتی ہے۔

پاکستان فلموں کے بزنس پر خاص نظر رکھنے والے علی زین نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ عید الفطر کے ہفتے کے دوران فلم نے پاکستان بھر سے 6.5 کروڑ سے زائد جبکہ بیرون ملک 3.5 سے زائد کا بزنس کرلیا ہے ۔

فلم میں لیجنڈ کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم نے فلم میں بینک مینیجر کا کردار ادا کیا جبکہ منی بیک گارنٹی میں شنیرا اکرم نے غیر ملکی صحافی کا کردار ادا کیا۔

فلم میں فواد خان، عائشہ عمر، میکال ذوالفقار، جان ریمبو، جاوید شیخ، حنا دل پذیر، مرزاگوہر رشید، شایان خان، مانی، کرن ملک، علی سفینہ،مرحوم احمد بلال، عدنان جعفر،شفاعت علی اور اقدس وسیم سمیت دیگر فنکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

دوسری جانب عید پر ہی ریلیز ہونے والی دوسری پاکستانی فلم، ’ہوئے تم اجنبی ’ نے تقریبا 2 کروڑ کا بزنس کیا ہے ۔

ماضی کے مقبول ترین ہیرو شاہد کے بیٹے اور صحافی کامران شاہد کی فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ کے ہدایت کار اور مصنف کامران شاہد ہیں۔

فلم میں میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم کی کہانی 1971 کی جنگ اور سقوط ڈھاکا کے دوران محبت کی ان کہی داستانوں کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں معروف اداکار سہیل احمد اور شفقت چیمہ سمیت محمود اسلم، ثمینہ پیرزادہ، عائشہ عمر، شمعون عباسی، علی خان شامل ہیں۔

عید پر ریلیز ہونے والی تیسری فلم دادل کی پروڈیوسر نے آج ٹی وی کو بتایا کہ ان کی فلم نے اب تک 1 کروڑ 4 لاکھ کی کمائی کرلی ہے ۔

فلم کی کہانی کراچی کے علاقے لیاری کی ایک مشہور اور نڈر باکسر حیا بلوچ کے گرد گھومتی ہے جس کا کردار اداکارہ سونیا حسین نبھاتی نظر آئیں گی جبکہ محسن عباس حیدر پولیس افسر کا کردار نبھائیں گے۔

ابو علیحہ کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم ایکشن اور تھرلر سے بھرپور ہے۔

Fawad Khan

Money Back Guarantee

huey tum ajnabi