Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی: عالمی ماہرین نے سفاری پارک کو ہاتھیوں کیلئے موزوں جگہ قرار دیدیا

فورپاز کی ٹیم کا سفاری پارک کراچی کا دورہ، ہتھنی مدھوبالا کے لئے مختص جگہوں کا معائنہ
شائع 26 اپريل 2023 09:39am
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

جنگلی حیات کے عالمی ماہرین نے سفاری پارک کو ہاتھیوں کیلئے موزوں جگہ قرار دے دیا، فور پاز کے ڈاکٹر عامر خلیل نے کہا کہ دو ماہ میں ہتھنی مدھو بالا اور مزید دو ہاتھیوں کو منتقل کیا جاسکتا ہے۔

کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی مدھو بالا کو دو ماہ میں سفاری پارک منتقل کرنے کی سفارش پر انتظامیہ راضی ہوگئی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے بتایا کہ فورپاز کی ٹیم کو سفاری پارک کا معائنہ کروایا گیا۔ فورپاز کے ڈاکٹرعامر خلیل کا کہنا ہے کہ سفاری پارک میں ہاتھیوں کے رہنے کی جگہ کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

مزید کہا کہ مجھے اس بات کو بیان کرتے ہوئے بےحد خوشی ہورہی ہے کہ کے ایم سی نے فورپاز کی سفارش پراتفاق کرلیا ہے اور ہتھنی مدھوبالا کو یہاں منتقل کرنے پر راضی ہوگئے ہیں لیکن مدھوبالا کو یہاں منتقل کرنے سے پہلے اس جگہ کو بہتر بنانا ہوگا۔

ڈاکٹرعامرخلیل نے کہا کہ یہ جگہ 50 سال سے زیادہ عرصے سے استعمال نہیں ہوئی ہے، یہ جگہ بہت بڑی ہے اور یہاں قدرتی ماحول بھی ہے، 2 ماہ میں ہتھنی کو یہاں منتقل کرنے کا مشن ناممکن نظر آرہا ہے، لیکن مشترکہ کوشش سے مدھوبالا اور دیگر 2 ہاتھیوں کو یہاں منتقل کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ فورپاز کی ٹیم نے ہاتھیوں کے انکلوژر کو ساڑھے تین ایکڑسے بڑھا کر 10ایکڑ کرنے کی سفارش کی ہے۔ حال میں ہی انتقال کرنے والی ہتھنی نورجہاں نے کراچی چڑیا گھر میں 14 سال گزارے اور 17 سال کی عمر میں اس کا انتقال ہوا۔

Karachi Zoo

Noor Jehan

administer karachi

Four Paws