Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

طورخم بارڈر پر پاک فوج کی جاری امدادی کارروائیاں مکمل

آپریشن میں ملبے تلے دبے 27 ٹرک و کنٹینرز کو نکالا اور 12 شدید زخمیوں کو بچایا گیا
شائع 23 اپريل 2023 01:06pm

پاک فوج کے جوانوں نے طورخم بارڈر پر لینڈ سلائیڈنگ میں دبے کینٹینرز و ٹرکوں کے علاوہ 12 افراد کو ریسکیو کرلیا۔

طورخم بارڈر پر پاک فوج کی جانب سے جاری امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں، شب وروز کاوشوں کی بدولت پاک فوج کے انجینئیرز اور اربن سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے سے 8 جاں بحق افراد کی لاشوں کو نکالا، جب کہ 12 شدید زخمیوں کو بھی بر وقت ریسکیو کر کے بچالیا گیا۔

پاک آرمی کی امدادی اور ریسکیو ٹیموں کے علاوہ ایف سی کے جوانوں ، 1122 اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کاوشیں کئی روز سے مسلسل جاری رہیں، ان ٹیموں نے ملبے تلے 27 ٹرک اور کنٹینرز کو نکال کرایک کٹھن مشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کامیاب امدادی اور ریسکیو آپریشن کا سہرا پاک فوج، ایف سی، ریسکیو 1122، پولیس اور سول انتظامیہ کے سَر جاتا ہے، جنہوں نے آرمی کی رہنمائی میں اور ماہر افراد کی نشاندہی پر مستقل مزاجی، ہمت اور جوش و ولولے کے ساتھ شب و روز کاوشیں جاری رکھیں، قوم کی دعاؤں اور اللہ کی مدد سے پاکستان آرمی ریسکیو آپریشن پائہِ تکمیل تک پہنچا۔

واضح رہے کہ ہے کہ 18 اپریل کو طور خم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گرنے سے 20 سے 30 مال بردار گاڑیاں اور کنٹینرز ملبے تلے دب گئے تھے جبکہ 5 کنٹینرز میں آگ بھی لگ گئی تھی۔ حادثے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر خیبر عبدالناصر خان کے مطابق پہاڑی تودہ گرتے وقت گاڑیوں میں عملہ بھی موجود تھا جس کی وجہ سے جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔