Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

میرے دور میں طاقت میرے پاس نہیں جنرل باجوہ کے پاس تھی، عمران خان

جنرل باجوہ نے ہمیں ملک میں انصاف قائم نہیں کرنے دیا، عمران خان
شائع 23 اپريل 2023 11:25am

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ میرے دور میں طاقت میرے پاس نہیں بلکہ جنرل باجوہ کے پاس تھی اور انہوں نے ہی ہمیں ملک میں انصاف قائم نہیں کرنے دیا۔

لاہور زمان پارک میں عید کی مبارکباد دینے آئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ آزاد لوگ ہی اونچی پرواز کرسکتے ہیں، غلام قومیں کبھی ترقی نہیں کرسکتیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کوئی معاشرہ تب آزاد ہوتا ہے جب اس کو حقوق مل رہے ہوں، ہم نے پاکستان میں انصاف کا نظام لانا ہے جہاں کمزور اور طاقتور برابرہوں، 14مئی کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابی مہم شروع کی جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات عدلیہ کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ پر ہوں گے، پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، ملکی مسائل کا واحد حل فوری صاف وشفاف انتخابات ہیں، اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو میں کسی وقت بھی کال دے سکتاہوں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے ساڑھے 3 سالہ دور میں طاقت میرے پاس نہیں جنرل باجوہ کے پاس تھی، وہ کرپشن اور چوری کو برا نہیں سمجھتے تھے اور ان کی حمایت کرتے تھے جنہوں نے آتےہی این آراو لیے، سابق آرمی چیف نے ہی نے ہمیں ملک میں انصاف قائم نہیں کرنے دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو دلدل سے نکالنےکیلئے سب سے پہلے قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہوگی، آج کل حالات یہ ہیں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ حکومت نہیں مان رہی، جب تک عوام کی طاقت سےحکومت نہیں آئے گی ملکی حالات بہتر نہیں ہوں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے مزید کہا کہ انصاف کا نظام قائم کرنے سے اوورسیز پاکستان ملک میں سرمایہ کاری کرےگا، اوورسیز پاکستانی کے سرمایہ کاری کرنے سے ہمیں مانگنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

pti

imran khan

General Qamar Javed Bajwa

general bajwa

Politics April 23 2023