چوہدری انوار الحق کی وزارت عظمیٰ کیلئے نامزدگی پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر برہم
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس چوہدری انوار الحق کی وزارت عظمیٰ کے لئے نامزدگی پر برہم ہوگئے۔
چوہدری انوار الحق کے بلا مقابلہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چوہدری انوارالحق ہمارے نامزد امیدوار نہیں، انہوں نے عمران خان کو دھوکا دیا۔
مزید پڑھیں: چوہدری انوارالحق بلا مقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب
سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ انوارالحق یہ تاثر دیتے رہے کہ پارٹی بچانا چاہتا ہوں، انوارالحق نے کہا فاروڈ بلاک لا رہا ہوں حمایت کریں۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لئے کوئی نام تجویز نہیں کیا۔
مزید پڑھیں: عدلیہ کے خلاف بیان پر وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نااہل قرار
یاد رہے کہ چوہدری انوار الحق آزاد کشمیر کے بلا مقابلہ وزیر اعظم منتخب ہوگئے، انہیں 52 کے ایوان میں 48 ووٹ ملے جس کے بعد انہوں نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ کا سب بڑا مینڈیٹ حا صل کرلیا۔
واضح رہے کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہوا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے رات 12 بجکر 40 منٹ سے 12 بجکر 55 منٹ کا وقت دیا گیا۔
مزید پڑھیں: نئے قائد ایوان کا انتخاب: آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اجلاس ملتوی کرکے فرار
سیکرٹری اسمبلی آزاد کشمیر کے مطابق حکومت کی جانب سے کسی کے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے جس کے بعد اسپیکر انورالحق کو بلامقابلہ وزیراعظم منتخب کیا گیا لیکن سیکرٹری اسمبلی کا کہنا تھا کہ بلا مقابلہ انتخاب کے بعد بھی ووٹنگ کا عمل ہوگا۔
آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کیا گیا تاہم کچھ دیر کے بعد ووٹنگ کے عمل کے لیے اجلاس ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض کی صدارت میں شروع ہوا، ووٹنگ میں 52 کے ایوان میں چوہدری انوارالحق کی حمایت میں 48 ووٹ پڑے۔
Comments are closed on this story.