Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کی چینی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری

اسمگلنگ ، ناجائز منافع خوری اورذخیرہ اندوزی میں ملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے، سخت سزا دینے کی ہدایت
شائع 16 اپريل 2023 06:50pm

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت لاہور میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ناجائز منافع خوری اور اسمگلنگ کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اسمگلنگ کے تدارک کے لیے اسلام آباد میں اعلی سطح اجلاس طلب کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں چینی سمیت دیگر اشیاء کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے ملک گیر کارروائی کی حکمت عملی تیارہوگی۔

وزیراعظم نے اسمگلنگ ، ناجائز منافع خوری اورذخیرہ اندوزی میں ملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے، سخت سزا دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو اسمگلروں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے۔

شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے مؤثر اقدامات اور نگرانی کی ہدایت کی۔

PM Shehbaz Sharif

Sugar Smuggling