Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعلیٰ بلوچستان کا بم اور بلٹ پروف گاڑیاں استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

تمام سرکاری بلٹ اور بم پروف گاڑیاں فوری طور پر پارک کرنے کی ہدایت
شائع 15 اپريل 2023 08:47pm

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلٹ اور بم پروف گاڑی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی کابینہ اراکین اور اعلیٰ سول اور پولیس افسران کو بھی بلٹ پروف گاڑیاں استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام سرکاری بلٹ پروف اور بم پروف گاڑیوں کو فوری طور پر پارک کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو اپنی جان بہت عزیز ہے تو وہ اپنے اسکواڈ اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو بھی بلٹ پروف گاڑی کی سہولت فراہم کرے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم خود کو تو بلٹ پروف گاڑی میں محفوظ کر لیتے ہیں لیکن ہما را سیکیورٹی سٹاف ہماری وجہ سے نمایاں ہدف ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی واقعات میں وی آئی پی ڈیوٹی پر تعینات سیکورٹی اہلکار دہشت گردوں کا نشانہ بنے۔ زندگی اور موت اللہ کے اختیار میں ہے۔ جب وقت پورا ہو تو بلٹ پروف گاڑی بھی بچا نہیں سکے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آئندہ مجھ سمیت کسی بھی وی آئی پی کے لئے روٹ نہیں لگے گا۔ ہم اپنی سہولت اور شان و شوکت کے لئے روٹ لگا کر عوام کو مشکل میں ڈالتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اپنے پرنسپل سیکریٹری کو گاڑیوں سے متعلق فوری طور تحریری حکم نامہ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

cm balochistan

Mir Abdul Quddus Bizenjo