Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی، شہریوں کی فائرنگ سے 2 مبینہ چور ہلاک

ہلاک مبینہ ملزمان کے قبضے سے گاڑی کے شیشہ توڑنے والے دستانے، دیگر اوزار ملے ہیں
شائع 15 اپريل 2023 11:22am
تصویر: آج نیوز/ فائل
تصویر: آج نیوز/ فائل

کراچی کےعلاقےعزیز آباد میں شہریوں نے دو مبینہ چوروں کو پکڑ کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عزیز آباد بلاک 8 مور پارک کے قریب واردات کے دوران شہریوں نے دو مبینہ چوروں کو پکڑ لیا۔

ایس ایچ او عزیز آباد نے بتایا کہ دونوں افراد چور ہیں جنہیں چوری کی واردات کے دوران عوام نے پکڑا اور فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ مبینہ ملزمان کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

ایس ایچ او کامران حیدر نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت طور جان ولد ملوک اور خدا نور ولد حاجی محمد کے ناموں سے ہوئی ہے اور ان کے قبضے سے گاڑی کے شیشہ توڑنے والے دستانے اور دیگر اوزار ملے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں ایک گاڑی کے شیشے بھی ٹوٹے ہوئے ہیں جس میں سے ملزمان چوری کرنے کی کوشش کررہے تھے دونوں ہلاک ملزمان سہراب گوٹھ مچھر کالونی کے رہائشی ہیں

ایس ایچ اوعزیز آباد نے کہا کہ ہلاک ہونے والا ایک ملزم افغانی اور دوسرا بلوچ معلوم ہوتا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

قائد آباد، نوجوان کو ڈاکو سمجھ کر قتل کردیا گیا

دوسری جانب قائد آباد میں نوجوان کو ڈاکو سمجھ کر قتل کردیا گیا جبکہ فائرنگ سے اختر نامی شخص جاں بحق ہوا اور دو ساتھی شبیر اور محمد علی محفوظ رہے۔

پولیس نے بتایا کہ اسماعیل نامی شخص نے 3 موٹر سائیکل سوار شہریوں کو ڈاکو سمجھ کر فائرنگ کی لیکن ڈکیتی کی کوئی واردات نہیں ہوئی ہے۔

مزید بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر نہیں ہوا اورجاں بحق شخص کے دونوں ساتھیوں سے بیان لیے ہیں جبکہ فائرنگ کرنے والے اسماعیل کی گرفتاری کے لیئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Sindh Police

Street Crimes

Karachi Crime