Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں دوست نے دوست کو اغواء کروا دیا

پولیس نے کارروائی کرکے اغواء برائے تاوان میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا
شائع 15 اپريل 2023 09:58am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

کراچی کے علاقے رضویہ میں تاوان کی غرض سے دوست نے دوست کو اغواء کروا دیا۔

پولیس نے کارروائی کرکے اغواء برائے تاوان میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، واردات میں پولیس کی وردیوں کا استعمال کیا گیا۔

پولیس کے مطابق 13 اپریل کو رضویہ ذیشان پارک کے قریب سے مشال نامی شخص کو اغواء کیا گیا، ایس ایچ او رضویہ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی، مغوی مشال کے دوست جنید نے اسے چائے کے ہوٹل پر کام کے حوالے سے میٹنگ کے لئے بلایا تھا، مشال ہوٹل پہنچا تو جنید کا دوست احمد بھی موجود تھا، جس سے مغوی پہلے بھی مل چکا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تھوڑی دیر میں گاڑی آکر رکی جس میں اغواء کار سوار تھے جنہوں نے مشال کو اغواء کیا، اغواء کرتے وقت احمد نے مشال اور اسامہ سے موبائل فون لے لئے اور اغواء کاروں کے ساتھ مل گیا، ملزمان نے جنید کو بھی اغواء کرنے کا ڈرامہ کیا اور اسے دوسری موٹر سائیکل پر سوار کیا، واردات میں 2 اغواء کاروں نے دھوکا دینے کے لئے پولیس کی وردی کا استعمال کیا۔

پولیس نے مزید کہا کہ ملزمان نے مشال کی فیملی سے 10 لاکھ تاوان طلب کیا جو بعد میں ایک لاکھ پر طے ہوا، پولیس نے اغواکاروں کو تاوان لینے کے لئے بلوایا اور پیسے لیتے ہوئے ملزم ساجد علی کو گرفتار کیا، کارروائی میں تاوان کی رقم برآمد کرکے مغوی کو بازیاب کرالیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش واردات میں احمد اور جنید کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، ملزم جنید اور احمد سمیت دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

karachi

police

rizvia society

friends kiddnap