اینٹی کرپشن پنجاب نے چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی ،ان کے صاحبزادے مونس الہٰی، محمد خان بھٹی اور زبیر خان اینٹی کرپشن پنجاب کے ریڈار پر آگئے۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی اینڈ کمپنی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے ایک غیرملکی کمپنی کی واجب الادا رقم 2 ارب 90 کروڑ کی ادائیگی کے عوض ساڑھے 12کروڑ روپے رشوت وصول کی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف مقدمہ ٹھوس شواہد کی بنا پر درج کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور محمد خان بھٹی کی ڈیل مونس الہٰی کے دوست زبیر خان نے کروائی، غیرملکی کمپنی کی واجب الادارقم کے عوض چوہدری پرویز الہٰی نے ساڑھے 6 کروڑ روپے وصول کیے، مونس الہٰی اور محمد خان بھٹی نے 5 کروڑ جبکہ زبیر خان نے 50 لاکھ روپے لئے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ملزمان چوہدری پرویزالہٰی، مونس الہٰی، محمد خان بھٹی اور زبیر خان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی علی انان قمر پر دباؤ ڈال کر 2 ارب 90کروڑ روپے کی فوری ادائیگی کروائی۔
پی ٹی آئی صدر چوہدری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور زبیر خان کی گرفتاری کے لئے اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیمیں روانہ ہوگئی۔
گجرات پولیس کا چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپہ
گجرات پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لئے پولیس کی 20 سے زائد گاڑیوں نے کنجاہ ہاؤس کے مین گیٹ اور عقبی گیٹ پر ناکہ لگائے رکھا۔
مزید پڑھیں: گجرات میں پولیس کا پرویزالہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپہ، 2 ملازمین زیر حراست
پولیس کی جانب سے کنجاہ ہاؤس پر تیسری مرتبہ چھاپہ ماراگیا ہے مگر کوئی کامیابی نہ مل سکی۔
پولیس نے آدھے گھنٹے تک رہائش گاہ کا محاصرہ کیے رکھا، چھاپے کے دوران گھر میں تین ملازمین موجود تھے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب بیرون ملک مقیم ہیں۔
مزید پڑھیں: چھاپے کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، پرویزالہیٰ
پولیس کی جانب سے فروری میں بھی 2 مرتبہ چھاپے مارے گئے۔
چھاپے سے متعلق چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ بغیر وارنٹ ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ان فسطائی ہتھکنڈوں سے ہم ڈرنے والے نہیں، صرف عمران خان کا ساتھ دینے پر یہ غیر قانونی حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: گجرات میں پولیس کا چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپہ
گجرات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کے خلاف اینٹی کرپشن نے پرچہ کر رکھا ہے۔
Comments are closed on this story.