وزیراعظم کی زیر صدارت قانونی ٹیم کا اجلاس، سپریم کورٹ کے جاری نوٹسز پر غور
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قانونی ٹیم کے اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری نوٹسز پر غور کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی سیاسی و لیگل ٹیم کا اجلاس وزیر اعظم ہاوس میں ہوا، جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں عدالتی اصلاحات پر 8 رکنی بنچ کی سماعت اور الیکشن فنڈز سے متعلق امور پر غور کیا گیا اور بینچ کی سماعت پر لیگل ٹیم کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عدالتی کارروائی پر آئندہ کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی، اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اٹارنی جنرل کو ہدایات بھی جاری کیں، جب کہ حکومتی تحفظات پر اتحادی جماعتوں کے ممبران کی نیوز کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف آج قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، اور قومی اسمبلی اجلاس میں ان کے خطاب کا بھی امکان ہے، اسی لئے انہوں نے سیاسی وقانونی ٹیم سےمشاورت کی اور فیصلہ کیا کہ پارلیمٹ کی بالادستی کو ہرحال میں مقدم رکھا جائے گا، اور تمام اہم ایشوز پر پارلیمٹ فورم کی رائے کو ترجیح دی جائے گی۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے ان کیمرا اجلاس طلب کرلیا ہے، اور وفاقی وزرا، مشیران اور اراکین قومی اسمبلی کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اجلاس میں قومی سلامتی امور پربریفنگ دی جائے گی، اعلی عسکری قیادت اور خفیہ اداروں کے سربراہان بریفنگ دیں گے۔ اہم اجلاس قومی اسمبلی ہال میں جمعہ کے روز طلب کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.