Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کچلاک میں دہشتگردوں کی ایگل اسکواڈ پر فائرنگ، دو اہلکار شہید ایک حملہ آور ہلاک

موٹر سائیکل پر سوار تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جوابی فائرنگ سے ایک مبینہ دہشت گرد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
شائع 09 اپريل 2023 10:16pm

بلوچستان کے قضبے کچلاک کے علاقے کلی اسپین میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے کانسٹیبلز عبدالجبار اور جلات خان شہید ہوگئے، جبکہ پولیس نے جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور ہلاک کردیا۔

کلی سپین میں نامعلوم دہشت گردوں نے ایگل اسکواڈ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تین اہلکار زخمی ہوگئے، جوابی فائرنگ سے ایک مبینہ دہشت گرد کی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

وزیراعلئ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کچلاک تھانہ کی حدود میں گشت پر مامور ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو اہلکاروں کے شہید اور دو کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ساتھ ہی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور دو کو زخمی کرنے پر سیکورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار ہے۔ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے۔

بلوچستان

kuchlak

Eagle Squad