Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

ہتھنی نور جہاں کی طبیعت سنبھلنے لگی، بین الاقوامی ڈاکٹرز کی ٹیم نے سفاری پارک میں جگہ کا معائنہ کیا

ہتھنی مثانہ میں سوجن کی وجہ سے چلنے پھرنے سے قاصر ہے، سوجن میں کمی آئی ہے، ڈاکٹر عامر
شائع 07 اپريل 2023 07:58pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

کراچی چڑیا گھر کی ہاتھنیوں کو جنگلی ماحول مہیا کرنے کے لئے بین الاقوامی ڈاکٹرز کی پانچ رکنی ٹیم نے سفاری پارک کا دورہ کیا۔

بین الاقوامی ڈاکٹرز کی پانچ رکنی ٹیم جب سفاری پارک پہنچی تو انھیں سفاری پارک کے عملے نے بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر سفاری پارک کنور ایوب اور چڑیا گھر کے ویٹ ڈاکٹر عامر بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈاکٹرز کی ٹیم نے چڑیا گھر کے ہاتھیوں کے لیے مختص اراضی کا معائنہ کیا۔

جانوروں کی فلاح و بہبود کی عالمی تنظیم ”فور پاز“ کے ماہر ڈاکٹر عامر خلیل نے اس موقع پر کہا کہ سفاری پارک کا وزٹ کیا اس سے قبل زو کا بھی وزٹ کیا، گارڈن زو میں موجود ہتھنی کو لمبے عرصے تک خیال رکھنے کی ضرورت ہے، ہم نے سفاری کے دو ہاتھیوں کی بھی صحت کا جائرہ لیا، سفاری کے دونوں ہاتھی بہترین حالت میں ہیں، جو جگہ ہم نے سفاری میں دیکھی وہ بہتر ہے یہاں دو مزید ہاتھی لائے جا سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چڑیا گھر میں موجود دو ہاتھی یہاں لانے کا مشورہ دیا ہے۔ ہتھنی نورجہاں زیادہ بیمار ہے اس کے ٹیسٹ کئے اسے کسی قسم کا کوئی فریکچر نہیں ہے، امید ہے کہ نور جہاں چند ہفتوں میں چلنے کے قابل ہو جائے گی۔

اس موقع پر کنور ایوب ڈائریکٹر سفاری پارک نے کہا کہ پہلے بھی ہمیں مشورہ دیا گیا تھا کہ کراچی چڑیا گھر کے دونوں ہاتھیوں کو سفاری شفٹ کیا جائے۔ نور جہاں کی حالت میں بہتری کے بعد دونوں ہتھنیوں کو سفاری پارک منتقل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہتھنیوں کی منتقلی کے بعد ان کے ڈاکٹرز بھی یہاں آجائیں گے، ہمارے پاس ڈیڑھ ایکڑ جگہ ہے اور مزید ساڑھے تین ایکڑ بنا رہے ہیں تاکہ ہاتھیوں کو پریشانی نہ ہو۔

بین الاقوامی ویٹ ڈاکٹر کی ٹیم نے کراچی چڑیا گھر کا دورہ کرکے ہتھنی نور جہاں کا معائنہ بھی کیا۔ ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا ہے کہ نور جہاں کو ایک ماہ مکمل توجہ کی ضرورت ہے، ہتھنی کے مثانہ میں سوجن کی وجہ سے وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہے، علاج سے سوجن میں کمی آئی ہے لیکن تھوڑی سی کوتاہی اسکی صحت خراب کرسکتی ہے۔

Karachi Zoo

Karachi Safari Park

ELEPHANT NOOR JEHAN