پی ٹی آئی کراچی کے سوشل میڈیا سیکرٹری محمد سلمان پر اسرار طور پر لاپتہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے سوشل میڈیا سیکرٹری محمد سلمان پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگئے۔
ترجمان پی ٹی آئی کراچی کے مطابق محمد سلمان نے کراچی پریس کلب مظاہرے میں شرکت کی تھی، مظاہرے کے بعد محمد سلمان سے اب تک اہلخانہ کا رابطہ نہیں ہوسکا۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے محمد سلمان کی گمشدگی کی مذمت کردی۔
انہوں نے کہا کہ محمد سلمان کی گمشد گی سے ان کے اہلخانہ پریشان ہیں، نوجوانوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، سلمان کی جلد بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب محمد سلمان کی بازیابی کے لئے کراچی کے آر ٹلری میدان تھانے میں درخواست جمع کرا دی گئی۔
گمشدگی کی درخواست محمد سلمان کے بھائی محمد راشد خان کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
سلمان کے دوست و عزیزوں کے مطابق آخری بار رابطہ پریس کلب پر ہوا تھا۔
درخواست گزار کے مطابق محمد سلمان کی گمشدگی اغواء کا شبہ ہے اور اس لئے مقدمہ درج کرایا جا رہا ہے، ساتھ ہی اپیل کی گئی کہ سلمان کی بازیابی کے لئے پولیس ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی پی ٹی آئی کراچی کے سوشل میڈیا سیکریٹری محمد سلمان خان کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ محمد سلمان بھی کل بروز جمعہ 31 مارچ سے لاپتہ ہے، محمد سلمان خان جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج میں شرکت کر کے واپس آرہے تھے اس کے بعد سے ان سے کوئی رابطہ نہیں اور انکا موبائل بھی آف ہے۔
Comments are closed on this story.