Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

قرآن پاک تھامے خاتون خاندان سمیت دو دن سے بارش میں انصاف کی منتظر

انصاف نہ ملا تو ہم بھرپور احتجاج حتیٰ کہ خودکشی بھی کریں گے
اپ ڈیٹ 30 مارچ 2023 08:27am
تصویر بزریعہ مصنف
تصویر بزریعہ مصنف

بلوچستان کے ضلع خاران سے تعلق رکھنے والا خاندان اپنے بچوں کے ہمراہ انصاف کے لیے قرآن پاک اٹھا کر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پہنچ گیا، دو دن گزرنے کے باوجود بھی حکومت کی جانب سے کوئی نمائنده ان کی داد رسی کے لئے نہیں آیا۔

اپنے خاندان کو ظلم و زیادتی کا نشانہ بنائے جانے پر خاتون گل بی بی اور عبدالصمد دو دن سے شدید بارش اور سردی کے باوجود بھی انصاف کے لئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

گل بی بی کا کہنا ہے کہ ان کے کزن والد اور شادی شدہ بہن کو اغواء کرکے لے گئے ہیں، اعلیٰ حکام نوٹس لے کر مغوی کو بازیاب کرائیں، ملزمان کو گرفتار اور ہمیں انصاف فراہم کریں۔

متاثرہ خاندان نے دھمکی دی کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو دوسری صورت میں ہم بھرپور احتجاج حتیٰ کہ خودکشی بھی کریں گے۔

گل بی بی نے الزام عائد کیا کہ میرے چچا کے بیٹے علی شیر، گل شیر اور غلام حسین نے میرے والد میر حسن اور شادی شدہ بہن کو اغواء کیا ہے۔ ہم نے متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر کے لئے درخواست دی مگر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ رشتہ داری کے سلسلے میں دونوں کو اٹھایا گیا، اب ہمیں یہ پتہ نہیں کہ میرے والد اور بہن زندہ ہیں یا نہیں۔

انہوں نے حکومت سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں انصاف فراہم کرکے والد اور بہن کو بازیاب کرایا جائے اور نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے سزادی جائے۔

بلوچستان

protest

press club